چین میں کرونا وائرس کی نئی لہر کے بعد گزشتہ روز 15 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ اس سے ایک روز قبل 14 کیسز رپورٹ ہوئے تھے. ترکی میں کرونا وائرس کے مزید ایک ہزار 502 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو وسط جون کے بعد ایک دن میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔
ترکی کے وزیرصحت فریہتن کوکا کا ٹوئٹر پر کہنا تھا کہ 24 گھنٹوں کے دوران 19 افراد انتقال کرگئے اور ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 6 ہزار 163 ہوچکی ہے۔
تازہ اعداد وشمار کے مطابق ترکی میں اب تک کیسز کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 61 ہزار ہوچکی ہے۔ کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں سے ایک اسپین نے وائرس کے دوبارہ بڑھتے ہوئے کیسز کے سبب فوج کو طلب کر لیا ہے۔
اسپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے کہا کہ مقامی سطح پر کورونا وائرس کے دوبارہ بڑھتے ہوئے کیسز کے سبب علاقائی حکومتوں میں فوج کا تقرر کیا جائے گا تاکہ وائرس پر قابو پایا جا سکے۔
برطانیہ میں کرونا وائرس کے کیسز میں پھر اضافہ ہوا ہے اور مزید ایک ہزار 184 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ برطانیہ میں پیر کو 853 نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے لیکن آج اس میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور ایک ہزار 184 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔
ملک میں گزشتہ گزشتہ 28 دنوں میں 16 افراد کی موت ہوئی ہے جس میں سے 4 اموات پیر کو ہوئی تھیں۔ آسٹریلیا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 151 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اورگزشتہ روز کے مقابلے میں 121 کیسز کا اضافہ ہوا ہے۔
فرانس میں کرونا وائرس کے کیسز اور ہلاکتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہورہا ہے جہاں گزشتہ دو روز کے مقابلے میں ایک ہزار 955 کیسز کا اضافہ ہوا۔
فرانس کی وزارت صحت کا کہناتھا کہ کرونا سے ہلاکتوں میں گزشتہ روز کے مقابلے میں 15 کا اضافہ ہوا ہے اور مجموعی تعداد 30 ہزار 528 ہوچکی ہے۔ کرونا کے کیسز بھی 2 لاکھ 44 ہزار 854 ہوگئے ہیں جبکہ فرانس ہلاکتوں کے اعتبار سے دنیا میں ساتویں نمبر پر ہے۔
جبکہ اگر پاکستان کی بات کی جائے تو میڈیا رپورٹس کےمطابق بلوچستان میں کرونا وائرس کیسز میں اچانک بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جہاں 11 اضلاع میں 24 گھنٹوں کے دوران 104 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
محکمہ صحت بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق منگل کو 471 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے اور اس دوران صوبے کے 11 اضلاع میں 104 مریضوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی جس سے صوبے میں وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 12 ہزار 664 ہوگئی ہے۔