وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں بار بار ان تین چوہوں کو پیغام دے رہا ہوں کہ حکومت جانا تو بہت معمولی چیز ہے، میری جان بھی چلی جائے، میں شہباز شریف، آصف زرداری اور فضل الرحمان کو نہیں چھوڑوں گا۔
کمالیہ میں جلسے سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے آج پھر اپنے سیاسی مخالفین پر شدید تنقید کرتے ہوئے ان کے نام بگاڑے۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان کو ''ڈیزل'' اور شہباز شریف کو ''جوتے پالش کرنے والا اور آصف زرداری کو ''بیماری قرار دے کر ان کا شکریہ ادا کیا۔ جبکہ کہا کہ چوتھا بھگوڑا فنکار لندن میں بیٹھا ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان تینوں چوہوں کا شکریہ کہ ان کی وجہ سے ہماری پارٹی میں 10 سال سے سوئے ہوئے کارکن جاگ گئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے سب کے دل موڑ دیئے اور سب میری طرف واپس آ گئے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف کو جب بھی جوتے نظر آتے ہیں، وہ فوری طور پر انھیں پالش کرنا شروع کر دیتے ہیں۔ چیری بلاسم سے جوتے زیادہ چمکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ''چیری بلاسم شریف'' ڈیزل'' اور ''بیماری'' کے چہروں سے ڈر کر لوگ دوبارہ میرے پاس آ گئے ہیں۔ پی ٹی آئی سے ناراض ہونے والے بھی ان چوہوں کی شکلیں دیکھ پر واپس آ چکے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ انہوں نے پوری کوشش کی کہ ان کو این آر او دیدیں۔ ان کو پتا ہے کہ عمران خان تھوڑی دیر اور چل گیا تو شہباز شریف نے جیل جانا ہے۔