کراچی میں گرمی کی لہر برقرار، درجہ حرارت میں مزید اضافے کا امکان

صوبہ سندھ کے صوبائی دارالحکومت اور پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں گرمی کی لہر برقرار ہے اور لوگ موسم کے تیور دیکھ کر خوف زدہ ہیں کیوں کہ یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ درجہ حرارت 39 ڈگری سنٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، شہر قائد کا درجہ حرارت دوپہر کے وقت 35 ڈگری سنٹی گریڈ تھا جو 39 ڈگری سنٹی گریڈ محسوس ہو رہا تھا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، اس وقت کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 48 فی صد ہے، مطلع بالکل صاف ہے اور جنوب مغرب سے چلنے والی ہوائوں کی رفتار چھ ناٹیکل میل ہے۔

گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا تھا، سمندری ہوائوں کے چلنے کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے۔



یہ بھی واضح رہے کہ چند روز قبل ہی محکمہ موسمیات کی جانب سے ایک ہی ماہ میں دوسری مرتبہ ہیٹ ویو کی وارننگ جاری کی گئی تھی۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ 25 مئی سے 27 مئی تک کراچی میں ہیٹ ویو رہنے کا اندیشہ ہے اور اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 سے 41 ڈگری سنٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

سب سے زیادہ گرمی سندھ کے شہر شہید بے نظیرآباد میں پڑی جہاں درجہ حرارت 44 ڈگری سنٹی گریڈ ہو گیا جب کہ حیدر آباد اور سکھر میں درجہ حرارت 43 ڈگری سنٹی گریڈ رہا۔ بلوچستان، پنجاب اور بالخصوص صوبے کے جنوبی اضلاع بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم بالائی علاقوں گلگت بلتستان، چترال، کشمیر اور مری کے چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔