متعدد صحافیوں اور ملازمین میں کرونا وائرس کی تصدیق، اے آر وائی نیوز چینل کا دفتر سیل

متعدد صحافیوں اور ملازمین میں کرونا وائرس کی تصدیق، اے آر وائی نیوز چینل کا دفتر سیل
کرونا وائرس نے پاکستانی صحافیوں کو نرغے میں لے لیا ہے اور ایک کے بعد ایک ادارے میں متعدد صحافیوں کے کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہو رہی ہے۔
تازہ ترین معاملہ اے آر وائی چینل کا ہے جس کے متعدد صحافی کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں اور دارلحکومت انتظامیہ نے صورتحال سے نمٹنے کے لئے چینل کا اسلام آباد آفس مکمل طور پر سیل کر دیا ہے۔
اس حوالے سے ڈی سی آفس سے ملنے والی معلومات کے مطابق دو روز قبل اے ار وائے بیورو آفس میں سٹاف کے کرونا ٹیسٹ کئے گئے تھے ۔ ٹیسٹ کے رزلٹ آنے پر سٹاف کے 7افراد کرونا وائرس سے متاثرہ نکلے۔اے ار وائے نیوز کے بیورو آفس اسلام آباد کو سیل کر دیا گیا ہے ۔

اسکے علاوہ اے آر وائی گروپ کے مالک سلمان اقبال نے ٹویٹ کی ہے جس میں انہوں نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے اور ساتھ ہی بتایا ہے کہ دفتر کو مکمل طور پر بند کرتے ہوئے ملازمین کو اگلے حکم تک گھروں میں رہنے کا کہہ دیا گیا ہے۔

https://twitter.com/Salman_ARY/status/1254681800804311042

یاد رہے کہ اس سے قبل سٹی نیوز نیٹورک میں بھی کرونا وائرس پھیلنے کی خبر سامنے آئی ہے۔جس کی انتظامیہ پر الزام ہے کہ اسکی جانب سے چینل کا دفتر بند کرنے کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا.

سٹی نیوز نیٹورک جس کے تحت سٹی 42، 24 نیوز اور دیگر علاقائی چینل چلتے ہیں کے لاہور میں واقع ہیڈ کوارٹر میں سٹاف میں کرونا وائرس پھیل گیا ہے اور چینل کے بیوروچیف سمیت رپورٹرز،اسائنمنٹ ایڈیٹرز اور دیگر ٹیکنیکل سٹاف  کی بڑی تعداد اس وائرس کا شکار ہو گئی ہے۔ 

چینل میں کام کرنے والے ایک صحافی نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ چینل ملازمین  کو انتظامیہ کی جانب سے خاموش رہنے کا کہا گیا ہے۔ متاثرہ صحافیوں کو قرنطینہ ہونے کا کہہ دیا گیا ہے تاہم چینل کے آپریشنز عام حالات کی طرح جاری ہیں۔ صحافی کا کہنا تھا کہ اس وقت سٹی نیٹورک کے ملازمین سخت اذیت کا شکار ہیں ایک طرف جان دوسری طرف معاش ہے۔