Get Alerts

’پاکستان کو نواز دو‘:مسلم لیگ ن نے انتخابی منشور جاری کر دیا

نواز شریف نے کہا کہ بڑا عجیب لگ رہا ہے حکومت گرائے جانے کے بعد، سپریم کورٹ کے 5 ججز کے فیصلے کے بعد اور ہر انتقامی کارروائی کے بعد آج پھر نواز شریف اور لیگی قیادت جیلوں میں رہنے کے بعد انتخابات کے لیے اپنا منشور پیش کر رہی ہے۔ انتقام نہیں ترقی کی سیاست پر توجہ مرکوز ہے۔ ماضی کی زیادتیوں کو فراموش کرکے مستقبل کی منصوبہ بندی کرنے آیا ہوں۔  آج شکایت لگانے کے موڈ میں نہیں، مستقبل کی بات کرنے آیا ہوں۔

’پاکستان کو نواز دو‘:مسلم لیگ ن نے انتخابی منشور جاری کر دیا

مسلم لیگ ن نے عام انتخابات 2024 کے لیے اپنا انتخابی منشور ’پاکستان کو نواز دو‘ کے نعرے کے ساتھ پیش کردیا۔ منشور پیش کرنے کے دوران نواز شریف آبدیدہ ہوگئے اور کہا کہ ہر انتقامی کارروائی کے بعد بھی ہم سب ایک ساتھ بیٹھے ہیں۔ جیلوں میں رہنے کے بعد بھی آج یہاں موجود ہیں اور انتخابی منشورپیش کررہے ہیں۔ آج میں کوئی گلہ شکوہ نہیں کرنا چاہتا۔ 

پاکستان مسلم لیگ ن نے لاہور ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ تقریب کے دوران اپنا ”پاکستان کو سچے منشور سے نواز دو“ کے عنوان سے انتخابی منشور جاری کردیا ہے۔ اس موقع پر نواز شریف، شہباز شریف اور دیگر رہنماؤں نے تقریب سے خطاب کیا اور نواز شریف منشور پیش کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے منشور کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بڑا عجیب لگ رہا ہے حکومت گرائے جانے کے بعد، سپریم کورٹ کے 5 ججز کے فیصلے کے بعد اور ہر انتقامی کارروائی کے بعد آج پھر نواز شریف اور لیگی قیادت جیلوں میں رہنے کے بعد انتخابات کے لیے اپنا منشور پیش کر رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

انہوں نے کہا کہ آج میں کوئی گلہ شکوہ نہیں کرنا چاہتا۔کوئی گلے شکوے نہیں کروں گا لیکن بتائیں تو غلطی کہاں ہوئی؟ انتقام نہیں ترقی کی سیاست پر توجہ مرکوز ہے۔ ماضی کی زیادتیوں کو فراموش کرکے مستقبل کی منصوبہ بندی کرنے آیا ہوں۔  آج شکایت لگانے کے موڈ میں نہیں، مستقبل کی بات کرنے آیا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات لڑنے کی بھرپور تیاری کررہے ہیں۔ اللہ نے موقع دیا تو منشور پر عمل کریں گے۔ ہم وہی کریں گے جو ہمارے منشور میں ہوگا۔ اپوزیشن میں آئے تو وہ کام کبھی نہیں کریں گے جو انہوں نے کیے۔ یہ ہمارا منشور ہے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک بہت مسائل میں ہے، ملک کو ان تمام مسائل سے نکالنا چاہتے ہیں۔ عمل تو دور کی بات ہے۔ کچھ لوگوں کے پاس تو منشور ہی نہیں۔ پاکستان میں سب سے بڑا مسئلہ معیشت اور مہنگائی کا ہے۔

مسلم لیگ ن نے انتخابات  کیلئے جو منشور پیش کیا ہے اس کے چند اہم نکات ذیل میں درج ہیں۔

مسلم لیگ ن کے منشور کے اہم نکات

  • تمام سرکاری دفاتر کو ماحول دوست بنائیں گے
  • پارلیمنٹ کی بالادستی کویقینی بنایا جائے گا

عدالتی اصلاحات

  • آرٹیکل 62 اور 63 کواپنی اصل حالت میں بحال کیا جائے گا
  • عدالتی، قانونی، پنچایت سسٹم اور تنازعات کے تصفیے کا متبادل نظام ہوگا
  • عدالتی، قانونی اور  انصاف کے نظام میں اصلاحات کی جائیں گی
  • بر وقت اور مؤثر عدالتی نظام کا نفاذ کیا جائےگا
  • مؤثر، منصفانہ اور بروقت پراسیکیوشن ہوگی
  • یقینی بنایا جائے گا کہ بڑے اور مشکل مقدمات کا فیصلہ ایک سال کے اندر ہوگا
  • چھوٹے مقدمات کا فیصلہ دو ماہ میں سنایا جائے گا
  • نیب کا خاتمہ کیا جائے گا
  • انسداد بدعنوانی کے اداروں اور ایجنسیوں کو مضبوط کیا جائےگا
  • ضابطہ فوجداری 1898 اور 1906 میں ترامیم کی جائے گی
  • عدالتی کارروائی براہ راست نشرکی جائے گی
  • کمرشل عدالتیں قائم کی جائیں گی
  • سمندر پار پاکستانیوں کی عدالتیں بہتر اور مضبوط بنائی جائیں گی
  • عدلیہ میں ڈیجیٹل نظام قائم کیا جائے گا

معاشی اصلاحات

  • مالی سال 2025 تک مہنگائی میں 10 فیصد کمی کی جائے گی
  • چار سال میں مہنگائی 4 سے 6 فیصد تک لائی جائے گی
  • پانچ سال میں ایک کروڑ سے زائد نوکریاں دی جائیں گی
  • کرنٹ اکاؤنٹ خساره جی ڈی پی کا 1.5 فیصد تک کیا جائے گا
  • تین سال میں اقتصادی شرح نمو 6 فیصد سے زائد پر لائی جائے گی
  • پانچ سال میں غربت میں 25 فیصد کمی کا ہدف رکھا گیا ہے
  • افرادی قوت کی سالانہ ترسیلات زر کا ہدف 40 ارب ڈالر رکھا گیا ہے
  • پانچ سال میں بیروزگاری میں 5 فیصد کمی کی جائے گی
  • چار سال میں مالیاتی خسارہ 3.5 فیصد یا اس سےکم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے
  • پانچ سال میں فی کس آمدنی 2,000 ڈالر کرنے کا ہدف ہے
  • 5 سال میں آئی ٹی ٹیکنالوجی کی برآمدات کو 5 ارب روپے تک لے جانےکا ہدف ہے
  • برآمدات کو داخلی ٹیکسوں سے استثنی دیا جائے گا

تعلیم

  • اعلیٰ تعلیم کے لیے بجٹ میں 0.5 فیصد کا اضافہ کرنا ہے
  • اعلیٰ تعلیم تک رسائی 13 فیصد سے بڑھا کر 30 فیصد تک کرنے کا ہدف ہے
  • ملک کے 5 بڑے شہروں کو آئی ٹی سٹی بنایا جائے گا

خارجہ پالیسی

  • خطے کے امن اور معاشی ترقی کی بنیادوں پر بھارت سے تعلقات استوار کیے جائیں گے
  • ضروری ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر پر اپنے غیر آئینی اقدام واپس لے
  • افغانستان کے ساتھ امن اور تجارت کیلئے رابطوں میں اضافے اور مؤثر سرحدی نظام کو بہتر بنائیں گے
  • اسرائیل کی طرف فلسطینیوں کی نسل کشی پر عالمی سطح پر  آواز  اٹھائیں گے
  • امریکا کے ساتھ عالمی معیشت، تجارت، انسداد دہشتگردی وغیرہ کے مسائل پر مل کر کام کریں گے

توانائی

  • ملک بھر میں شمشی توانائی سے 10ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کریں گے

 

صحافیوں کا تحفظ

  • صحافیوں اور میڈیا ورکرز کیلئے ہیلتھ انشورنس کو ترجیح دیں گے
  • اسلام آباد میں میڈیا سٹی بنائی جائے گی

اقلیتوں کا تحفظ

  • اقلیتوں کےخلاف تشدد کے واقعات سے نمٹنے کیلئے سخت سزائیں دی جائیں گی
  • دہشت گردی کےخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی بنائی جائے گی
  • مذہب کی جبری تبدیلی روکنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے
  • آبادی کو بڑھنے سے روکنے کیلئےاتفاق رائے پیدا کیا جائے گا

فلم ڈرامہ اور میوزک انڈسٹری میں نئے دور کا آغاز

  • ڈیجیٹل ترقی کا آغاز،5 بڑے شہروں کو آئی ٹی شہر بنایا جائے گا
  • پاکستان کی انفارمیشن فلم ڈرامہ اور میوزک انڈسٹری کے نئے دور کا آغازکیا جائے گا

Pmln Manifesto 2024 29 by Syed Muhammad Wajeeh