پنجاب کے بعد سندھ پولیس کا بھی نیا یونیفارم متعارف کروانے کا فیصلہ

سندھ کی صوبائی حکومت نے پولیس کی وردی میں تبدیلی کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ آئی جی پولیس سندھ ڈاکٹر کلیم امام کی تجویز پر کیا گیا ہے جن کا خیال ہے کہ وردی میں تبدیلی سے ناصرف پولیسنگ کا عمل بہتر بلکہ عالمی معیار سے ہم آہنگ ہو جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دور حکومت میں پنجاب پولیس کی وردی بھی تبدیل کی گئی تھی لیکن دلچسپ طور پر اس سے پولیس کی کارکردگی پر کوئی فرق نہیں پڑا تھا اور اب دوبارہ پرانی وردی کی بحالی پر غور ہو رہا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز مقصود احمد نے نئی وردیوں کی تعارفی تقریب پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا، یہ وردی مقامی موسم کے ساتھ ساتھ عالمی معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کی گئی ہے۔

https://youtu.be/_2WYAllqADk

سندھ پولیس کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سندھ پولیس ہی یونیفارم کی فراہمی کی ذمہ دار ہو گی تاکہ کپڑے، سلائی اور رنگ کے معیار کو برقرار رکھا جا سکے۔

نیا یونیفارم سندھ پولیس کے پانچ یونٹس میں متعارف کروایا جا رہا ہے جن میں ٹریفک پولیس، سی آئی سے، انٹی رائٹ ریزرو پلاٹون، فارنزک ڈویژن سندھ اور سنٹرل پولیس آفس شامل ہیں۔

سندھ میں ٹریفک پولیس کے افسر اب سفید شرٹ، گہرے نیلے رنگ کی پینٹ اور گہرے نیلے رنگ کی پولیس زیب تن کیے نظر آئیں گے جب کہ ٹریفک پولیس کے اہل کار آدھی آستین کی سفید شرٹ، گہرے نیلے رنگ کی پینٹ اور گہرے نیلے رنگ کی پولیس کیپ پہنیں گے۔



اسی طرح پولیس کے دیگر یونٹس کے افسروں کے لیے نیلے رنگ کی شرٹ، گہرے نیلے رنگ کی پینٹ اور گہرے نیلے رنگ کی پولیس کیپ پر مشتمل یونیفارم کی منظوری دی گئی ہے۔

ہیڈ کانسٹیبل اور کانسٹیبل رینک کے اہلکاروں کے لیے آدھی آستین کی گہرے نیلے رنگ کی شرٹ، گہرے نیلے رنگ کی پینٹ اور گہرے نیلے رنگ کی پولیس کیپ کا انتخاب کیا گیا ہے۔