نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ آشوب چشم کے بڑھتے ہوئے پھیلنے کے باعث لاہور سمیت پنجاب کے تمام سکول 28 اور 30ستمبر کو بند رہیں گے۔
آشوب چشم کی وبا پنجاب بھر میں پھیل گئی ہے۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ صوبے میں ہر چوتھا شخص آنکھوں کی بیماری کا شکار ہے۔صوبے بھر کے سکولوں میں آشوب چشم کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے سیکرٹری سکولز کو فوری طلب کیا اور پنجاب بھر کے نجی اور سرکاری سکولوں میں جمعرات اور ہفتہ کو چھٹی دینے کی ہدایت کی۔
29 ستمبر کو عیدمیلادالنبی کی عام تعطیل ہے جس کی وجہ سے سکولز بند رہیں گے۔
سیکرٹری سکولز کے مطابق فیصلہ پنجاب میں آشوب چشم کی وبا سے بچوں کا محفوظ رکھنے کے لیے کیا گیا۔فیصلے کا اطلاق پنجاب بھر کے سکولوں پر ہوگا۔
فیصلے کے تحت میٹرک کلاسز تک تمام بچوں کو کل چھٹی ہوگی۔ پیر کے روز سے آشوب چشم کے بچوں کو مرکزی دروازہ پر ٹیچر خود چیک کریں گے۔
آشوب چشم کے مریضوں بچوں کو سکول میں آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
جو لوگ وائرس کی علامات ظاہر کرتے ہیں انہیں فوراً طبی امداد حاصل کرنے کے لیے کہا جائے گا اور انہیں سکول کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
آشوب چشم آنکھوں کی ایک متعدی بیماری ہے جس کے نتیجے میں آنکھوں سے سرخی، جلن، خارش اور پانی بہتا ہے جو کہ براہ راست یا بالواسطہ رابطے کے ذریعے تیزی سے پھیل سکتی ہے۔ اس وبا کے پِھیلاو کے لیے سکول 'ہاٹ سپاٹ' کی طرح ہے۔
واضح رہے کہ لاہور اور دیگر شہروں میں آشوب چشم کے بڑھتے ہوئے مرض سے سکول کالجز کے طالبعلموں سمیت عام شہریوں کی ایک بڑی تعداد متاثر ہو چکی ہے ۔ پنجاب بھر میں آشوب چشم سے اب تک 74،220 مریض رپورٹ ہوئے ہیں ۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے بھر میں 8851 مریض رپورٹ ہوئے ہیں ۔