پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور ماہر قانون چوہدری اعتزاز احسن کا نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان کی نئی میڈیا ٹیم کی کارکردگی کا کیا لیول ہو گا اس کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا تاہم شبلی فراز بڑے قابل آدمی ہیں جبکہ فردوس عاشق اعوان نے پوری طرح سے حکومت کا دفاع کیا۔ وہ بڑے تردد کے ساتھ اطلاعات و نشریات کی وزارت چلا رہی تھیں، وزارت میں تبدیلی بے وقت کی راگنی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جہاں تک عاصم باجوہ کا تعلق ہے تو وہ ڈی جی آئی ایس پی آر رہے ہیں، انہیں میڈیا کا کافی تجربہ ہے اور وہ آرمی چیف کے بھی انتہائی قابل اعتماد شخص ہیں۔ کرونا وائرس کی موقع پر انہیں لے کر آنا بہت اہمیت رکھتا ہے۔ عاصم باجوہ نے بڑے کلیدی عہدے سنبھال رکھے ہیں، وہ پچھلی سیٹ پر بیٹھنے والے نہیں، اگلی سیٹ پر بیٹھتے ہیں۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ میرے خیال میں کرونا کیخلاف اب زیادہ تر رول جی ایچ کیو کا ہو گا کیونکہ بعض حلقے کہہ رہے ہیں کہ سخت لاک ڈاؤن کیا جائے۔
شبلی فراز کے حوالے بات کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ وہ اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنے والے ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو ان کے عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کو معاون خصوصی برائے اطلاعات مقرر کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ سینیٹ میں قائد ایوان شبلی فراز کو وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مقرر کر دیا گیا ہے۔