330کلو وزنی شخص نور حسن کا کامیاب آپریشن

330کلو وزنی شخص نور حسن کا کامیاب آپریشن
موٹاپے کا شکار نور حسن کا لاہور کے نجی اسپتال میں آپریشن کردیا گیا، ڈاکٹر کے مطابق نور حسن کی سرجری کامیاب ہوئی ہے اور اسے آئی سی یو میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

نور الحسن کے وزن کو کم کرنے کے لیے لاہور کے نجی ہسپتال میں انکا آپریشن کیا گیا، جس کے بعد انہیں آئی سی یو میں منتقل کر دیا گیا۔ نور حسن کے معالج ڈاکٹر معاذ کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نور حسن کے پیٹ پر چربی بہت زیادہ تھی،اس کا 2 سالوں میں 200 کلو وزن کم ہوگا۔



ان کا کہنا تھا کہ نور حسن کا ایک ماہ میں 25 کلو وزن کم ہوجانے کے بعد وہ بغیر سہارے کے خود سے چلنا شروع ہوجائے گا۔

نور حسن کے معالج نے بتایا کہ انہیں مکمل طور پر صحت مند ہونے پر 20 روز بعد اسپتال سے ڈسچارج کر دیا جائے گا۔ ڈاکٹرز نے بتایا کہ خوراک میں نور حسن کو پروٹین ڈائیٹ اور کیلو ریز دیں گے تاکہ اس کا زخم جلدی بھر جائے۔

واضح رہے کہ پنجاب کے شہر صادق آباد کے رہائشی 60 سالہ نور حسن کی درخواست پر آرمی چیف نے ان کے علاج کی ہدایات دیں۔

300 کلو وزنی نور حسن کو گھر سے نکالنے کے لئے بیرونی دیوار توڑی گئی تھی، انہیں لوڈر کے ذریعے گھر سے آرمی ہیلی کاپٹر تک پہنچایا گیا،اس موقع پر اہل علاقہ نے پھول بھی برسائے تھے۔