9 سالہ پاکستانی بچے کا کیمسٹری میں منفرد ریکارڈ

پاکستان کے محض نو برس کے ایک بچے زیدان حامد نے کم ترین وقت میں پیریاڈک ٹیبل ترتیب دے کر کیمسٹری کی تاریخ کا ایک اہم عالمی ریکارڈ اپنے نام کرنے کے علاوہ گینز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں بھی اپنا نام لکھوا لیا ہے۔

زیدان حامد نے صرف پانچ منٹ 45 سیکنڈز میں تمام ایلیمنٹس کو ترتیب دیا۔ انہوں نے اپنا ہی عالمی ریکارڈ بہتر بنانے کے لیے دوسری کوشش کی تو اپنا پہلا ریکارڈ توڑتے ہوئے یہ ہدف پانچ منٹ 41 سیکنڈز میں حاصل کر لیا۔

زیدان حامد نے عالمی ریکارڈ قائم کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا، میں اپنے والدین اور اساتذہ کا شکرگزار ہوں۔ یہ ریکارڈ توڑنا بہت مشکل تھا۔

انہوں نے کہا، پیریاڈک ٹیبل کو یاد کرنا آسان نہیں ہے، یہ بچوں کا کھیل نہیں ہے کیوں کہ پیریاڈک ٹیبل یاد کرنے کے بعد اس پر غور و فکر بھی کرنا پڑتا ہے۔

زیدان حامد نے کہا، میں نے بارہا کوشش کی اور بالآخر آج کامیاب ہو گیا ہوں۔ حقیقت یہ ہے کہ میں نے کبھی ہمت نہیں ہاری۔

واضح رہے کہ علم کیمیا کا یہ اچھوتا ریکارڈ گزشتہ برس 15 اگست 2018 کو ڈاکٹر ولاز نے بنایا تھا جن کا تعلق فورنی ہالز آف کیمیکل انجینئرنگ سے ہے۔

انہوں نے آٹھ منٹ 36 سیکنڈز میں ایلیمنٹس ترتیب دے کر یہ ریکارڈ قائم کیا تھا، تاہم ان کا یہ ریکارڈ کچھ عرصہ بعد ہی لبنان کے علی غدر نے 25 فروری 2019 میں توڑ دیا تھا۔

علی غدر نے پیریاڈک ٹیبل کے 150 برس مکمل ہونے پر چھ منٹ 44 سیکنڈز میں ریکارڈ قائم کیا جب کہ پاکستانی طالب علم زیدان حامد نے کم ترین وقت میں پیریاڈک ٹیبل ترتیب دے کر یہ ریکارڈ اب اپنے نام کر لیا ہے۔