ملالہ یوسفزئی کا فلسطینی بچوں کیلئے ڈیڑھ لاکھ ڈالرکی رقم عطیہ کرنے کا اعلان

ملالہ یوسفزئی کا فلسطینی بچوں کیلئے ڈیڑھ لاکھ ڈالرکی رقم عطیہ کرنے کا اعلان
نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی نے حالیہ اسرائیلی جارحیت سے متاثر غزہ کے بچوں کیلئے ڈیڑھ لاکھ ڈالر عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ملالہ یوسف زئی کی جانب سے یہ رقم غزہ اور فلسطین کے دیگر علاقوں میں کام کرنے والی این جی اوز کو دی جائے گی جو کہ غزہ میں بچوں کی فلاح کیلئے استعمال ہوگی۔یہ رقم غزہ میں حالیہ اسرائیلی بمباری سے تباہ سکولوں کی تعمیر، غذائی کمی کا شکار بچوں کی امداد اور صاف پانی سمیت دیگر منصوبوں پر خرچ ہوگی۔

https://twitter.com/Malala/status/1397879678191476738

فلسطین میں ہونے والی تباہ کاریوں کے بعد نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کا ایک ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ فلسطینی بچے بھی امن کے ساتھ رہنے اور اپنے گھروں میں محفوظ محسوس کرنے سمیت تعلیم یافتہ ہونے اور اپنے خوابوں کی تعبیر کے مستحق ہیں۔ملالہ یوسف زئی کا کہنا تھا کہ مجھے فلسطینی بچوں کے ساتھ کھڑے ہونے اور ان کا ساتھ دینے پر فخر ہے۔

خیال رہے کہ غزہ پر حالیہ اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 66 بچے شہید اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں جبکہ 50 سے زیادہ سکول بھی تباہ ہوئے، 6 ہسپتال تباہ ہوئے ، جبکہ کروڑوں کا انفراسٹرکچر تباہ ہوگیا۔ ملالہ فنڈ کے ان تمام سروسز کی بحالی کے لئے استعمال کیا جائے گا۔

یہ رقم غزہ میں بچوں کی فلاح و بہبود کےلیے کام کرنے والی این جی او کے حوالے کی جائے گی۔’ کائنڈر یو ایس اے‘ نامی امریکی مسلمانوں کی این جی او فلسطین میں بچوں کی تعلیم اور صحت کے حوالے سے کام کرتی ہے۔ یہ رقم اس کے ذریعے فلسطینیوں تک پہنچائی جائے گی۔

خیال رہے کہ نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی تھی اور عالمی اداروں کو اپیل کی تھی کہ وہ جنگ بندی میں اپنا کردار ادا کریں۔