میٹا کی زیر ملکیت مقبول ترین انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کی جانب سے مسلسل متعدد نئے اور دلچسپ فیچرز پر کام جاری رہتا ہے تاکہ صارفین کو دیگر سروسز کا رخ نہ کرنا پڑے۔ واٹس ایپ نے ان گنت فیچرز کے بعد سٹیٹس فیچر کو مزید بہتر کر دیا ہے جس سے صارفین کی بہت بڑی مشکل آسان ہو گئی ہے۔
فیس بک اور انسٹاگرام سٹوریز کی طرح واٹس ایپ کے سٹیٹس فیچر میں صارفین اپنی زندگی کے لمحات کو شیئر کرتے ہیں۔
یہ سٹیٹس 24 گھنٹے بعد خودکار طور پر غائب ہو جاتے ہیں۔
فروری 2023 میں میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ سروس نے واٹس ایپ سٹیٹس کے لیے وائس نوٹ پوسٹ کرنے کا فیچر متعارف کرایا تھا۔
اب کمپنی کی جانب سے اس فیچر کو مزید بہتر بنا کر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
پہلے صارفین صرف 30 سیکنڈ دورانیے کا وائس نوٹ سٹیٹس کے طور پر پوسٹ کر سکتے تھے مگر اب اس کا دورانیہ بڑھا دیا گیا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق اب صارفین ایک منٹ طویل واٹس نوٹ کو سٹیٹس کے طور پر پوسٹ کر سکیں گے۔
صارفین کی جانب سے کافی عرصے سے اس فیچر کو بہتر بنانے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا تاکہ سٹیٹس میں مواد کو زیادہ بامقصد بنایا جا سکے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس فیچر کو بہتر بنانے کا مقصد صارفین کو زیادہ قیمتی لمحات دوستوں کے ساتھ شیئر کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے، تاکہ یہ کروڑوں صارفین کا ترجیحی پلیٹ فارم بنا رہے۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
فیچر کو کیسے استعمال کریں؟
اس مقصد کے لیے واٹس ایپ اوپن کریں اور اپ ڈیٹس ٹیب پر جائیں۔
سٹیٹس ٹیب پر پینسل آئیکون پر کلک کریں۔
اینڈرائیڈ فون میں یہ آئیکون نیچے دائیں کونے میں ہوگا جبکہ آئی فون میں یہ سٹیٹس اپ ڈیٹس کے اوپر نظر آئے گا۔
اس آئیکون پر کلک کرنے کے بعد نئی ونڈو میں نیچے دائیں کونے میں موجود مائیک آئیکون کو دبا کر آڈیو ریکارڈنگ کریں۔
ریکارڈنگ کے بعد اسے پوسٹ کرنے سے قبل پلے بٹن کے ذریعے آپ سن بھی سکتے ہیں۔
اگر آپ کو ریکارڈنگ پسند نہیں آتی تو ڈیلیٹ بٹن پر کلک کرکے دوبارہ آڈیو ریکارڈ کریں یا پوسٹ کرنا چاہتے ہیں تو سینڈ بٹن پر کلک کر دیں۔
یہ خیال رہے کہ وائس ریکارڈنگ کا دورانیہ ایک منٹ سے زیادہ نہ ہو ورنہ وہ سٹیٹس کے طور پر پوسٹ نہیں ہوگی۔