مسجد نبوی کو زائرین اور نمازیوں کے لیے 8 شوال سے مرحلہ وار کھولنے کا اعلان

مسجد نبوی کو زائرین اور نمازیوں کے لیے 8 شوال سے مرحلہ وار کھولنے کا اعلان
سعودی عرب کی حکومت نے مسجد نبوی کو زائرین اور نمازیوں کے لیے 8 شوال بروز اتوار سے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق حرمین شریفین کی جنرل پریزی ڈنسی کے صدر عبدالرحمان السدیس نے ایک بیان میں کہا کہ کل اتوار سے مسجد نبوی کو نمازیوں کے لیے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسجد نبوی کو کھولنے کے ساتھ ساتھ کرونا وائرس کی وجہ سے سخت حفاظتی تدابیر اپنائی جائیں گی۔

خیال رہے کہ سعودی عرب کی حکومت نے مساجد اور عبادت گاہوں کو نماز کے لیے کھولنے کے ساتھ ساتھ احتیاطی تدابیر کے ایک پیکج کا بھی اعلان کیا ہے۔ نمازیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مساجد میں سماجی فاصلہ برقرار رکھیں، روزانہ کی بنیاد پر مساجد کو سینی ٹائز کیا جائے۔ نمازی چہروں کو ماسک سے ڈھانپ کر رکھیں اور اپنے لیے گھر سے جائے نماز ساتھ لائیں۔

حکومت کی جانب سے مساجد کے داخلی راستوں پر نمازیوں کے درجہ حرارت کے بارے میں جان کاری کے لیے عملہ تعینات ہوگا جو ہر آنے والے نمازی کا ٹمپریچر چیک کرے گا۔

خیال رہے کہ سعودی عرب میں کرونا کی وبا کی وجہ سے 20 مارچ 2020 کو مسجد حرام اور مسجد نبوی سمیت تمام مساجد کو عبادت کے لیے بند کردیا گیا تھا۔