سینئر اداکار تنویر جمال کینسر میں مبتلا

سینئر اداکار تنویر جمال کینسر میں مبتلا
پاکستانی ڈراموں کے سینئر اداکار تنویر جمال میں کینسر جیسے موذی مرض کی تشخیص ہوئی ہے۔ وہ اپنے علاج کیلئے جاپان شفٹ ہو گئے ہیں۔

تنویر جمال کا شمار پاکستان کے سینئر اداکاروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنی اداکاری کی ابتدا ہدایتکار کاظم پاشا کے شہرہ آفاق ڈرامے جانگلوس سے کی تھی۔ یہ ڈرامہ 1990ء میں پی ٹی وی پر نشر کیا گیا تھا۔

جلتے سورج، جنم جلی، انتہا، بابر، سمجھوتا اور جناح سے قائد کا شمار تنویر جمال کے مشہور ڈراموں میں ہوتا ہے جن میں انہوں نے اداکاری کے جوہر دکھائے۔ تنویر جمال بنیادی طور پر ہوٹلنگ کے شعبے سے وابستہ ہیں اور اس سلسلے میں انہوں نے کئی ممالک میں ملازمتیں کیں۔ اپنے کیرئیر کی شروعات میں ہی انہوں نے ایک جاپانی خاتون سے شادی کر لی تھی۔

گذشتہ برس سے یہ خبریں گردش تھیں کہ تنویر جمال میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے، تاہم اداکار اور ان کے اہلخانہ نے ایسی خبروں کی تصدیق نہیں کی تھی۔ اب اداکار کے اہلخانہ نے ان میں کینسر کی تشخیص کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کا علاج شروع کر دیا گیا ہے۔

خبریں ہیں کہ تنویر جمال میں 2016ء میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔ تاہم بعد ازاں وہ صحتیاب ہو گئے تھے لیکن گذشتہ سال سے ان کی صحت ناساز تھی۔ اس بار وہ کینسر کی تشخیص کے بعد جاپان منتقل ہوئے اور ان کے علاج کا آغاز کردیا گیا۔

تنویر جمال کے پاس جاپانی شہریت بھی ہے اور وہاں اہل خانہ کی رہائش کی وجہ سے وہ ہر چند ماہ بعد جاپان جاتے ہیں۔ تنویر جمال کے بچے اور اہلیہ اس وقت بھی جاپان میں ہی رہتے ہیں اور ان کے بیٹے نے جاپانی نژاد امریکی لڑکی جب کہ بیٹی نے پاکستانی نژاد جاپانی لڑکے سے شادی کر رکھی ہے۔

تنویر جمال نے گذشتہ سال ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ان سے شادی کے لئے جاپانی لڑکی نے اسلام قبول کیا۔ دونوں کے درمیان شادی سے قبل ہی تعلقات استوار ہو چکے تھے۔