بڑی عید پر ریلیز ہونے والی دو فلموں کے درمیان بڑا مقابلہ، کونسی فلم ہٹ ہوگی؟

بڑی عید پر ریلیز ہونے والی دو فلموں کے درمیان بڑا مقابلہ، کونسی فلم ہٹ ہوگی؟
یہ بہت ہی خوشی کا موقع ہے کہ پچھلے دو سالوں میں کرونا کال نے جس طرح پوری دنیا کو متاثر کیا اب وہ بھوال ختم ہو چکا ہے، دنیا بھر میں نارمل زندگی شروع ہو چکی ہے۔

دنیا کے موج میلے پھر شروع ہو چکے کھیل کے میدان آباد ہو گئے، شائقین جوق در جوق سٹیڈیم میں آتے ہیں، اسی طرح سنیما گھروں اور تھیٹر بھی آباد ہو چکے ہیں۔ بد قسمتی ہمارا سنیما کرونا وبا سے پہلے ہی ایک اور وبا کا شکار ہو کر زوال پزیر تھا وہ وبا جہالت اور حکومتی عدم سرپرستی کی تھی۔

پچھلے چند سالوں میں کراچی کے پڑھے لکھے نوجوانوں نے پاکستان کے سنیما کو پھر سے آباد کرنے کی جو جہدوجہد شروع کی، اسے کرونا کال کے دو سالوں میں شدید نقصان پہنچا مگر اب پھر یہ جہدوجہد شروع ہو گئی ہے۔ عید الفطر پر فلمیں ریلیز ہوئیں اور اب عید الحضیٰ پر پھر فلمیں ریلیز ہو رہی ہیں۔ اس بڑی عید پر جو بڑا مقابلہ دیکھنے میں آرہا ہے وہ دو فلموں کے درمیان ہے ایک ' لندن نہیں جاؤں گا' ،اور دوسری 'قائد اعظم زندہ باد' ہے۔

لندن نہیں جاؤں گا ،،کی جو تکون ہے وہ پاکستان کی فلم اور سینما کی سب سے کامیاب تکون ہے۔ سپر اسٹار ہمایوں سعید، ہدایت کار ندیم بیگ، قلم کار خلیل الرحمٰن قمر اور جب خلیل الرحمٰن قمر کا نام لکھا جائے گا تو لفظ اور کے ساتھ لکھا جائے کہ وہ پاکستان کے واحد لکھاری ہیں جو بیک وقت ٹیلی ویژن اور فلموں دونوں کامیاب ہوئے ہیں۔ اس سے پہلے ٹیلی ویژن اور فلموں کے رائٹر الگ الگ ہوتے تھے جیسے ٹیلی ویژن کے امجد اسلام امجد، فاطمہ ثریا بجیا اور فلم کے ناصر ادیب ریاض شاہد مگر خلیل الرحمٰن قمر نے یہ روش بھی بدل دی ہے۔

ہدایت کار ندیم بیگ جوانی پھر نہیں آنی 1 ،2 اور پنجاب نہیں جاؤں گی جیسی سپر ہٹ فلمیں بنا چکے ہیں یہ انکی چوتھی فلم ہے ، ہمایوں سعید بھی بیک وقت ٹیلی ویژن اور فلموں میں یکساں مقبول ترین ہیں انہوں نے یہ روایت ڈالی ہے کہ کوئی بھی ہیرو بیک وقت ٹیلی ویژن اور فلموں نمبر ون ہو سکتا ہے ،اس فلم کی ہیروئن مہوش حیات ہیں۔

دوسری فلم قائد اعظم زندہ باد ہے جو رائٹر اور ڈائریکٹر نبیل قریشی اور ہیرو فہد مصطفیٰ کی کامیابی کا تسلسل ثابت ہو سکتی ہے۔ اس سے پہلے یہ دونوں نامعلوم افراد 1، ایکٹر ان لا اور لوڈ ویڈنگ جیسی کامیاب فلمیں بنا چکے ہیں ،اس بار انکے ساتھ ماہرہ خان بھی ہیں ،قائد اعظم زندہ باد روہت شیٹھی سٹائل کی پہلی پاکستانی فلم ہے، حرف آخر ہیرو ہمایوں سعید فہد مصطفیٰ ہیروین ماہرہ خان مہوش حیات اور ہدایت کار ندیم بیگ اور نبیل قریشی کا ٹکراؤ بڑی عید کا بڑا مقابلہ ثابت ہو سکتا ہے ان دونوں فلموں کا واحد فرق خلیل الرحمٰن قمر ثابت ہو سکتے ہیں۔

حسنین جمیل 17 سال سے صحافت سے وابستہ ہیں۔ وہ افسانوں کی تین کتابوں؛ 'کون لوگ'، 'امرتسر 30 کلومیٹر' اور 'ہجرت' کے مصنف ہیں۔