اٹارنی جنرل پاکستان شہزاد عطا نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

اٹارنی جنرل پاکستان شہزاد عطا نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا
بیرسٹرشہزاد عطا الہٰی  نے عہدے کا چارج سنبھالنے کے دو ماہ سے بھی کم عرصے میں اٹارنی جنرل آف پاکستان کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اٹارنی جنرل بیرسٹرشہزاد عطا الہٰی  نے اپنا استعفیٰ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے ۔ انہوں نے ذاتی وجوہات کی بنا پر استعفیٰ دیا۔

واضح رہے کہ 2 فروری کو بیرسٹر شہزاد عطا الہٰی کو اٹارنی جنرل آف پاکستان تعینات کیا گیا تھا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی منظوری کے بعد وزارت قانون و انصاف نے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔ ان کا اسٹیٹس اور رینک وفاقی وزیر کے برابر تھا۔

گزشتہ سال اکتوبر میں اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے خرابی صحت کے باعث مزید کام جاری رکھنے سے معذرت کرتے ہوئے استعفیٰ دے دیا تھا، جس کے بعد وفاقی حکومت نے منصور عثمان کو نیا اٹارنی جنرل مقرر کیا تھا مگر انہوں نے کئی روز گزرنے باوجود اپنا عہدہ نہیں سنبھالا۔ بیرسٹر شہزاد عطا الہیٰ کو منصور عثمان اعوان کے عہدہ نہ سنبھالنے کے باعث اٹارنی جنرل تعینات کیا گیا تھا۔ صدر مملکت نے اٹارنی جنرل کی منظوری آئین کے آرٹیکل 100 اور رولز آف بزنس کے تحت دی تھی۔