باجوہ خاندان کا کاروبار: الزامات کے پیچھے ’ملک دشمن عناصر‘ ہیں، پی ٹی آئی کا الزام

باجوہ خاندان کا کاروبار: الزامات کے پیچھے ’ملک دشمن عناصر‘ ہیں، پی ٹی آئی کا الزام
پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات لیفٹننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ پر لگائے گئے الزامات کے پیچھے ملک دشمن عناصر ہیں۔

ٹوئٹر پر تحریک انصاف کے آفیشل اکاؤنٹ سے کی گئی دو ٹوئیٹس میں پارٹی کا کہنا ہے کہ حال ہی میں پاکستان سے باہر بیٹھے ایک سوشل میڈیا گروپ نے پاک چین اقتصادی راہداری (CPEC) کو نشانہ بنایا تھا، انہیں پاکستان کے دشمنوں کی طرف سے فنڈز فراہم کیے گئے تھے، اور انہوں نے پاکستان کی ترقی سے جڑے افسران کو نشانہ بنایا تھا، کیونکہ یہ بھارتی ایجنڈا آگے بڑھانا چاہتے تھے۔

دوسری ٹوئیٹ میں لکھا گیا ہے کہ یہ گروہ @FactFocusFF ہینڈل کو ٹوئٹر پر استعمال کر سکتا ہے تاکہ یہ دکھایا جا سکے کہ یہ ایک آزاد تحقیقاتی صحافت کا ایک نمونہ ہے۔ تاہم، یہ ٹوئٹر ہینڈل ماضی میں مبشر علی زیدی نامی صحافی کا تھا جو ٹوئٹر سے غائب ہونے کے بعد اپنا ہینڈل اس میں تبدیل کر چکے ہیں اور اب اس سے الزامات لگا رہے ہیں۔



واضح رہے کہ صحافی احمد نورانی نے گذشتہ روز ایک خبر دی تھی جس کے مطابق عاصم باجوہ کے بھائیوں، اہلیہ اور بچوں کی چار ممالک میں 99 کمپنیاں، 130 سے زائد فعال فرنچائر ریسٹورنٹس اور 13 کمرشل جائیدادیں ہیں، جن میں سے امریکہ میں دو شاپنگ مالز بھی ہیں۔ الزامات میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ باجوہ خاندان نے اپنے کاروبار کھڑے کرنے کے لئے 5 کروڑ ڈالر سے زائد کی خطیر رقم خرچ کی جب کہ امریکہ میں جائیدادیں خریدنے کے لئے قریب ڈیڑھ کروڑ ڈالر خرچ ہوئے۔

عاصم باجوہ نے ان الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔