23 مارچ: 'فاشسٹ مودی' کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کے نام تہنیتی پیغام

23 مارچ: 'فاشسٹ مودی' کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کے نام تہنیتی پیغام
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے یوم پاکستان کے موقع پر وزیراعظم عمران خان کے نام خط میں مبارک باد دینےکے ساتھ نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

یوم پاکستان پر وزیراعظم عمران خان کے نام بھارتی ہم منصب نریندر مودی نے خط میں پاکستانی عوام کو مبارکباد دی ہے۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا ہےکہ پاکستانی عوام کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں۔

نریندر مودی نے خط میں کورونا وبا سے نمٹنے کےلیے وزیراعظم اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ہے۔

بھارتی صدر رام ناتھ کووند نے بھی پاکستانی ہم منصب کے لیے یوم پاکستان پر تہنیتی پیغامات بھیجے ہیں۔

دفتر خارجہ کی جانب سے بھارتی وزیراعظم اور صدر کے تہنیتی پیغامات کی تصدیق کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ مودی نے گذشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان میں کورونا کی تشخیص کے بعد بھی ان کے لیے اپنے پیغام میں نیک تمناؤں کا اظہار کیا تھا۔

سوشل میڈیا پر اس وقت مختکف صارفین کی جانب سے یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ جب بھارت کی جانب سے یہ پیغامات نواز حکومت کو دیے جاتے تھے تو آج کے حکمران ان کو غدار قرار دیتے تھے۔ اب انکو کیا قرار دیا جائے۔

یاد رہے موجودہ وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیر اعظم عمران خان نے نریندر مودی کہ اچانک جاتی امرا آمد پر اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف کو سیکیورٹی رسک قرار دیا تھا۔

جبکہ انکی مسلسل پالیسی یہ رہی ہے کہ مودی حکومت ایک فاشسٹ حکومت ہے اس سے تب تک بات نہیں ہو سکتی جب تک 5 اگست 2019 کے کشمیر پر لیئے گئے اقدامات واپس نہ لیئے جائیں۔