پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی، شوہر کو قید کی سزا، بھاری جرمانہ عائد

پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی، شوہر کو قید کی سزا، بھاری جرمانہ عائد
صوبہ پنجاب کے علاقے پنڈی بھٹیاں میں مستی خان نامی شخص نے اپنی پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کر لی تھی۔ عدالت نے پہلی بیوی کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے شوہر کو بھاری جرمانہ عائد کرتے ہوئے قید کی سزا سنا دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پنڈی بھٹیاں کے رہائشی مستی خان کی پہلی شادی 2017ء جبکہ دوسری شادی 2020ء ہوئی تھی۔ اس کی پہلی بیوی دوسری شادی پر راضی نہیں تھی، شوہر کے نہ ماننے پر اس نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

مقامی عدالت نے پہلی بیوی کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے مذکورہ شخص کو 6 ماہ کیلئے جیل بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے اس پر 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا ہے۔



یہ فیصلہ سول مجسٹریٹ عدنان احمد گوندل نے سنایا اور مستی خان کو حافظ آباد جیل بھجوانے کا حکم دیدیا۔ عدالتی حکم جاری ہوتے ہی پولیس نے اسے احاطہ عدالت سے گرفتار کر لیا۔ خیال رہے کہ ملزم اس سے قبل ضمانت پر تھا۔

عدالت کی جانب سے جاری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اگر مجرم نے جرمانے کی رقم ادا نہ کی تو اسے مزید 2 مہینوں کیلئے قید کی سزا ہو سکتی ہے۔