الیکشن سے ایک دن قبل ڈی آئی خان میں اے این پی کے میئر کے امیدوار کو قتل کر دیا گیا

الیکشن سے ایک دن قبل ڈی آئی خان میں اے این پی کے میئر کے امیدوار کو قتل کر دیا گیا
خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات سے ایک دن قبل اے این پی ڈی آئی خان میں میئر کے امیدوار عمر خطاب شیرانی کو نامعلوم افراد نے گھر کے باہر فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

عمر خطاب شیرانی عوامی نیشنل پارٹی ڈی آئی خان کے صدر بھی تھے۔ پولیس ،سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے واقعے کی الگ الگ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے حادثے پر پہنچی اور عمر خطاب شیرانی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ٹراما سینٹر منتقل کیا جبکہ جائے واردات سے شواہد بھی اکٹھے کئے۔

https://twitter.com/ANPMarkaz/status/1472066597934219264

فائرنگ کا واقعہ کے پی کے کے 17 اضلاع میں انتخابی مہم کا وقت ختم ہونے کے بعد پیش آیا ہے، عوامی نیشنل پارٹی بلدیاتی الیکشن کے لئے زور وشور سے اپنے مہم جاری رکھی تھی اور کئی سرکردہ رہنماؤں نے بڑے بڑے عوام جلسوں سے خطاب بھی کیا۔

عمرخطاب شیرانی کے قتل کے بعد ان کے علاقے میں سوگ کا سماں ہیں جبکہ پارٹی رہنماؤں کی جانب سے ان کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔

اے این پی کےسٹی میئر امیدوار عمرخطاب شیرانی کےقتل کے خلاف وکلا، اےاین پی عہدیداروں اور کارکنوں نے سخت احتجاج کیا اور ٹاؤن ہال کے آگے لاش روڈپر رکھ کر احتجاج کیا۔

مظاہرین نے حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سیاسی قیادت کو تحفظ فراہم کرنےمیں ناکام ہوچکی ہے۔

https://twitter.com/SamarHBilour/status/1472058125687693313

عمرخطاب شیرانی ڈسٹرکٹ بار ڈیرہ کے بھی ممبر تھے، ان کے بہیمانہ قتل پر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن و ہائیکورٹ بار نے سوگ کا اعلان کر دیا ہے، جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ آج وکلا عدالتوں میں پیش نہیں ہونگے۔

دوسری جانب وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے میئر کے امیدوار عمر خطاب کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا اور ملوث عناصر کو گرفتاری کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔

وزیر اعلی نے عمر خطاب شیرانی کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے مقتول کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ محمود خان نے کہا کہ اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اس بہیمانہ قتل میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے کسی صورت بچ نہیں سکتے، مقتول کے اہل خانہ کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔

الیکشن ملتوی ہونے کے حوالے سے ذرائع الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ڈی آئی خان میں صرف سٹی میئر کی نشست پر انتخاب ملتوی ہوگا، جس کا اعلامیہ ریٹرننگ آفیسر جاری کرے گا۔ ڈی آئی خان کے باقی حلقوں پر الیکشن شیڈول کے مطابق ہوگا۔

اے این پی نے عمرخطاب شیرانی کے قتل کی تحقیقات کیلئے تین دن کا الٹی میٹم دے دیا۔ اے این پی ترجمان ثمرہارون بلور نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی اس بربریت پر خاموش نہیں رہے گی، ذمہ داروں کو جواب دینا ہوگا، تین دن کے اندر تحقیقاتی رپورٹ عوام کے سامنے لائی جائے کہ عمرخطاب شیرانی کو کس نے اور کیوں شہید کیا؟۔

واضح رہے کہ پولنگ کل ہوگی، جن اضلاع میں بلدیاتی انتخاب ہونے جارہا ہے، ان میں پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، خیبر، مہمند، مردان، صوابی، کوہاٹ، کرک، ہنگو، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک، ہری پور، بونیر اور باجوڑ شامل ہیں۔

مجموعی طور پر 66 تحصیل کونسلز اور 2382 نیبر ہڈ اور ویلج کونسل کی نشستوں کے لیے پولنگ ہوگی۔ ایک کروڑ 26 لاکھ 68 ہزار 662 ووٹرز حق رائے دیہی استعمال کریں گے۔