چودھری سرور نے عمران خان کو وزیراعظم بنوانے کا دعویٰ کردیا

چودھری سرور نے عمران خان کو وزیراعظم بنوانے کا دعویٰ کردیا
گورنر پنجاب چودھری سرور بڑا بیان دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کو وزیراعظم کے عہدے پر فائز کرنے کا سہرا ان کے سر ہے۔

سماء ٹیلی وژن کے مطابق یہ بات انہوں نے گورنر ہاؤس میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ناصرف عمران خان بلکہ سابق وزرائے اعظم میاں نواز شریف اور بینظیر بھٹو کو بھی انہوں نے ہی یہ عہدہ دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ اس ملک کے تین وزیراعظم میں نے بنوائے۔ بینظیر، نواز شریف اور عمران خان کو وزیراعظم میں نے بنوایا۔ یورپ بھی میری سیاسی بصیرت کا قائل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 1999ء میں شریف برادران کو امریکا اور برطانیہ کے ویزے میں نے لگوا کر دیئے تھے۔ پرویز مشرف نہیں چاہتے تھے کہ وہ دونوں بھائی برطانیہ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف سے میری لڑائی صاف پانی کے معاملے پر ہوئی۔ اگر شہباز شریف سے میری لڑائی نہ ہوتی تو شاید میں ن لیگ نہ چھوڑتا۔

چودھری سرور کا کہنا تھا کہ ان کے ذرائع کے مطابق آرمی چیف ایکسٹینشن لینے کی خواہش نہیں رکھتے۔ اگر پارٹی مجھ سے پوچھے تو رائے دوں گا۔ حالات کو بہتر کرنے کے لئے وقت چاہیے ہوتا ہے۔ ہمیں بھی پھر مزید پانچ سال دے دیئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ الیکشن اور خانیوال کے ضمنی الیکشن کے حوالے سے پہلے سے پارٹی کو بتادیا تھا ہم ہاریں گے،،پنجاب میں پیپلز پارٹی تحریک انصاف کے ووٹ کو نقصان پہنچا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جی ایس پی پلس ناکام ہوجاتا تو ہماری مشکلات میں اضافہ ہوجاتا، جی ایس پی پلس کے لئے میں نے جاکر بہت محنت کی، ہمیں بین الاقوامی دنیا کو مطمئن کرنا بے انتہائی ضروری ہے، لوگ کہتے ہیں میں سچ برطانیہ میں بولتا ہوں، میں پاکستان میں بھی جھوٹ نہیں بولتا، میں پارٹی کو دو لاکھ پونڈ جمع کرکے دیتا تھا، انڈین لابی کا مقابلہ کرنا بے حد ضروری ہے۔