وزیراعظم عمران خان کا آسٹریلیا کے سابق سپنر شین وارن کے انتقال پر رنج وغم کا اظہار

وزیراعظم عمران خان کا آسٹریلیا کے سابق سپنر شین وارن کے انتقال پر رنج وغم کا اظہار
اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ دنیائے کرکٹ میں آنجہانی جینئیس لیگ سپنر، جنہوں نے لیگ سپننگ کی آرٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچایا، کی کمی محسوس ہوگی۔

وزیراعظم عمران خنا نے کہا کہ کرکٹر شین وارن کے اچانک انتقال سے انہیں صدمہ ہوا ہے۔ شین وارن ایک جینئیس بائولر تھے۔ انہوں نے لیگ سپننگ کی آرٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔ دنیائے کرکٹ میں ان کی کمی محسوس ہوگی۔

خیال رہے کہ 52 سالہ شین وارن ایک روز قبل تھائی لینڈ کے علاقہ کوہ سموئی میں، جہاں وہ چھٹیاں منا رہے تھے، دل کادورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے۔

https://twitter.com/ImranKhanPTI/status/1500061941464633346?s=20&t=QF-vws4pianqVPHdrbMiMg

وہ وزدین کی صدی کے پانچ بہترین کرکٹرزمیں شامل تھے۔ آنجہانی نے ون ڈے میچوں میں 293 اورٹیسٹ کرکٹ میں 708 وکٹیں حاصل کی تھیں جو لیگ سپننگ کی موجودہ فارمیٹ میں سب سے زیادہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:َ آسٹریلیا کے لیجنڈ بائولر شین وارن چل بسے

شین وارن کے کرکٹ کیرئیر پر بات کی جائے تو ان کا شمار دنیا کے لیجنڈ لیگ سپینرز میں ہوتا ہے۔ انہوں نے 1992ء سے 2007ء تک آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔

شین وارن نے 145 ٹیسٹ میچوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کی اور 17995 رنز کے عوض 708 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے 194 ون ڈے میچ کھیل کر 293 اور 73 ٹی ٹونٹی میچوں میں 70 وکٹیں اپنے نام کیں۔

لیجنڈ بائولر شین وارن کے کرکٹ کیریئر پر ایک نظر

شین وارن نے آسٹریلیا کی جانب سے کھیلتے ہوئے 2 جنوری 1992ء کو سڈنی میں انڈیا کیخلاف انٹرنیشنل کرکٹ کے سفر کا آغاز کیا۔ اس کے بعد آنجہانی کھلاڑی ون ڈے میچوں میں اپنے جلوے بکھیرنے آئے اور اس کی شروعات 24 مارچ 1993ء کو نیوزی لینڈ کیخلاف ویلنگٹن سے ہوئی۔

انھیں اصل شہرت 1993ء کی ایشز سیریز کے سلسلے میں کھیلے جانے والے مانچسٹر ٹیسٹ سے ملی۔ شین وارن نے ایک ایسی گیند کرائی جسے جسے ‘صدی کی بہترین گیند’ قرار دیا گیا ہے۔ یہ ان کی برطانوی سرزمین پر کرائی گئی پہلی بال تھی۔

شین وارن نے 07-2006ء کی ایشز سیریز میں میلبورن میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ میں انتہائی عمدہ لیگ سپن گیند کرکے اینڈریو سٹراس کی وکٹ حاصل کرکے ٹیسٹ کرکٹ میں 700 وکٹیں لینے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

آنجہانی شین وارن اپنا لاسٹ ٹیسٹ میچ بھی سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں برطانیہ کیخلاف کھیلا۔ اس میچ میں انہوں نے 2 وکٹیں لیں تاہم 71 رنز کی یادگار اننگز بھی کھیلی۔ انہوں نے اپنا آخری ون ڈے میچ ورلڈ الیون کی جانب سے ایشیا الیون کیخلاف 10 جنوری 2005ء کو کھیلا، جس میں ان کی ٹیم فاتح رہی اور وہ دو وکٹیں حاصل کر پائے تھے۔

یہ بات ذہن میں رہے کہ آج ہی آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر روڈنی مارش بھی 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ روڈنی مارش کو گذشتہ ہفتے دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد وہ کومے میں چلے گئے تھے۔

روڈنی مارش نے آسٹریلیا کی جانب سے 96 ٹیسٹ میچ کھیل کر 3633 جبکہ 92 ون ڈے میں 1225 رنز بنائے۔ روڈنی مارش نے وکٹوں کے پیچھے 355 شکار کئے۔

روڈنی مارش ریٹائرمنٹ کے بعد آسٹریلوی ٹیم کے چیف سلیکٹر بھی رہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ کے آغاز سے قبل روڈنی مارش کےغم میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔