سپریم کورٹ کا جو بھی فیصلہ آیا قبول کریں گے، ہم انتخابات کیلئے تیار ہیں: عمران خان

سپریم کورٹ کا جو بھی فیصلہ آیا قبول کریں گے، ہم انتخابات کیلئے تیار ہیں: عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ڈپٹی سپیکر کی رولنگ پر سپریم کورٹ کا فیصلہ قبول کریں گے۔ ہماری جماعت تحریک انصاف نئے الیکشن کیلئے بھرپور تیار ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے یہ بات اپنی قانونی ٹیم کیساتھ ملاقات میں کہی۔ ملاقات میں قانونی ٹیم نے سپریم کورٹ میں از خود نوٹس کی سماعت پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم عمران خان نے ملاقات کرنے والی قانونی ٹیم میں اٹارنی جنرل خالد جاوید خان، ڈاکٹر بابر اعوان، اظہر صدیق ایڈووکیٹ اور دیگر شامل تھے۔

جیو نیوز کے مطابق اس موقع پر اپنی قانونی ٹیم سے بات چیت کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ عدالت عظمٰی ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کے معاملے پر جو بھی فیصلہ کرے گی، ہم اسے کھلے دل کیساتھ قبول کرینگے۔ پی ٹی آئی نئے الیکشن کے لئے تیار ہے۔ تاہم انہوں نے اس موقع پر اپنا پرانا موقف بھی دہرایا اور کہا کہ کسی صورت غیر ملکی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔