پاکستان بھر کے تاجروں کا بجلی کے بل جمع نہ کروانے کا فیصلہ، حکومت کو شٹر ڈائون کی دھمکی

پاکستان بھر کے تاجروں کا بجلی کے بل جمع نہ کروانے کا فیصلہ، حکومت کو شٹر ڈائون کی دھمکی
صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے حکومت کی جانب سے بجلی بلوں کے ذریعے لگائے جانیوالے فکس سیلز ٹیکس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں پر لگایا گیا سیلز ٹیکس حکومتی کشتی کو ڈبونے کا باعث بن رہا ہے، پاکستان بھر کے تاجر بجلی کے بل جمع نہیں کروائیں گے۔

اجمل بلوچ کا کہنا تھا کہ حکومت نے فیصلہ واپس نہ لیا تو ملک بھر میں احتجاج کریں گے۔ حکومت نے سختی کی تو تاجر ملک بھر میں شٹر ڈائون ہڑتال کردیں گے۔ رات 9 بجے دکانیں بند کرنے کا نوٹیفکیشن واپس لیا جائے۔ مفتاح اسماعیل جیسے نااہل وزیر خزانہ کی جگہ کوئی دوسرا سمجھدار وزیر خزانہ لگایا جائے۔

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں تاجر نمائندوں کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں پر لگایا گیا سیلز ٹیکس حکومتی کشتی کو ڈبونے کا باعث بن رہا ہے۔ وفاقی حکومت کی طرف سے بجلی بلوں پر سیلز ٹیکس لگا کر کرپشن کی نئی راہ کھولی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلز ٹیکس ریٹیلر پر لگا دیا گیا جو کہ ریٹیلر پر بنتا ہی نہیں ہے کیونکہ یہ مینو فیکچررز نے دینا ہوتا ہے۔ ملک بھر کے تاجر فکسڈ سیلز ٹیکس کو مکمل طور مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ مفتاح اسماعیل جیسے نااہل وزیر خزانہ کو عہدے سے فوری طور پر ہٹا کر ان کی جگہ کوئی دوسرا سمجھدار وزیر خزانہ لگایا جائے۔

صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ کا کہنا تھا کہ موجودہ تاجر دوست حکومت کے کچھ عاقبت نااندیش وزیروں کی طرف سے تاجر مخالف اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

اجمل بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے رات 9 بجے دکانیں بند کرنے کا نوٹیفکیشن واپس لیا جائے۔ بجلی کے بلوں میں ٹیکس واپس نہ ہوا تو وزارت خزانہ کا گھیرائو کریں گے۔ حکومت ٹیکس پر مزید ٹیکس لگا رہی ہے۔ حکومتی رہنما لگژری گاڑیوں پر گھومنا بند کریں، اپنے اخراجات کم کریں۔ تاجروں سے مزید کتنا ٹیکس لینا ہے؟ تاجر برادری معاشی طور پر بدحال ہو چکی ہے۔ موجودہ حکومت نے ملک کو تباہ کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاستدان عوام کے ٹکیسوں پر شاہ خرچیاں کر رہے ہیں۔ انکم ٹیکس فکسڈ ہو سکتا ہے تاہم تاجروں پر سیلز ٹیکس لگ ہی نہیں سکتا۔ حکومت سٹیک ہولڈرز کے ساتھ بیٹھ کر مشاورت سے ٹیکس لگائے۔ سیلز ٹیکس والے بجلی بل تاجر کسی صورت جمع نہیں کروائیں گے اور اگر حکومت نے زبردستی کرنے کی کوشش کی تو ملک بھر کے تاجر سڑکوں پر احتجاج سمیت شٹر ڈاؤن کرنے سے بھی گریز نہیں کرینگے۔

عبداللہ مومند اسلام آباد میں رہائش پذیر ایک تحقیقاتی صحافی ہیں۔