عوام کیلئے اچھی خبر، وزیراعظم تیل کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری سنائیں گے

عوام کیلئے اچھی خبر، وزیراعظم تیل کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری سنائیں گے
پیٹرولیم سیکٹر کے ماہرین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف خام تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی کے ایک ہفتے قبل شروع ہونے والے رجحان جاری رہنے کی صورت میں 15اگست کو پاکستانی قوم کو تیل کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری دینے کی پوزیشن میں ہونگے۔

حکومت نے پٹرولیم مصنوعات سستی کرنے کا عندیہ دے دیا، وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث کے مطابق پورا احساس ہے کہ لوگ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے پریشان ہیں، عوام کو ہر ممکن حد تک ریلیف دیا جائے گا۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے ایک سینئر عہدیدار یاسر رضا چوہدری نے کہا ہے کہ48گھنٹوں میں حکومت پیٹرولیم پرائس پر ہفتہ وار نظرثانی کا فیصلہ کریگی،یورپ میں ہر گھنٹے پیٹرول ڈیزل کی قیمتیں بدلتی ہیں‘ پاکستانی عوام کو فوری ریلیف مل سکے گا۔

وزارت پیٹرولیم کے عہدیداروں سے ملاقات کے بعد ا نھوں نے بتایا کہ دنیا بھر میں 4 اگست کو خام تیل کی قیمتیں سال رواں کی کم ترین سطح پر آ گئی ہیں۔ امریکن تیل ڈبلیو ٹی آئی (Western Texas Intermediate) کی قیمت آٹھ ماہ میں پہلی بار 88ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہونے لگی ہے۔ یورپی برینٹ 4اگست کو 92ڈالر فی بیرل پر آ گیا ہے۔ اوپیک باسکٹ جس میں بیس سے زائد تیل پیدا کرنے والے ملک ہیں‘ان ملکوں کے تیل کے نرخ جمعرات 4اگست کو 91ڈالر فی بیرل تک رہ گئے ہیں۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پورا احساس ہے کہ لوگ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے پریشان ہیں،عوام کو ہر ممکن حد تک ریلیف دیا جائے گا۔

تیل کی عالمی قیمتوں میں متواتر کمی کا عوام کو اصل ریلیف ملے گا، عالمی قیمتوں میں اتار چڑھاوٴ سے اوسط قیمت نکالنا پڑے گی۔

دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہر ہفتے ردوبدل کی تجویز زیر غور ہے، اس حوالے سے حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی۔ اقدام کا مقصد عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کرنا ہے۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ڈالر کے اتار چڑھاؤ کے ساتھ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے بعد موسم کی طرح پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ہر ایک یا دو روز بعد تبدیل ہوں گی۔

ذرائع پٹرولیم ڈویژن کے مطابق ڈالر سستا یا مہنگا ہونے کی صورت میں ایک دو روز بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا جائے گا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم یا بڑھنے کا 15 روزہ طریقہ کار ختم کر دیا جائے گا۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کا مکینزم اسی ہفتے فائنل ہو گا۔ نئے مکینزم کے مطابق ڈالر کی قیمت اوپر جانے پر 15 روز کا انتظار نہیں کیا جائے گا۔یہ فیصلہ پٹرولیم تقسیم کار کمپنیوں کے مطالبے پر کیا گیا۔ پمپ مالکان فیصلے پر نئی قیمت لاگو کرنے کے مجاذ ہوں گے۔