خیبر پختونخوا حکومت نے دبئی ایکسپو میں گلوکاروں، سرکاری افسروں اور وزرا کی شرکت پر 6 کروڑ روپے سے زائد خرچ کیے

خیبر پختونخوا حکومت نے دبئی ایکسپو میں گلوکاروں، سرکاری افسروں اور وزرا کی شرکت پر 6 کروڑ روپے سے زائد خرچ کیے
خیبر پختونخوا میں مقامی صنعت کو فروغ دینے کی لئے رواں سال کے آغاز پر سرکاری وفد جس میں تاجروں، سرکاری افسروں، ادکاروں، گلوکاروں اور ثقافتی طائفہ کی دبئی ایکسپو میں شرکت پر قیام و طعام اور سفری اخراجات کی مد میں 6 کروڑ 65 لاکھ روپے خرچ کیے گئے۔

دستاویزات کے مطابق خرچ کی جانی والی رقم میں 26 لاکھ روپے صرف ثقافتی سرگرمیوں پر خرچ کیے گئے۔

دستاویزات کے مطابق دبئی ایکسپو میں خیبر پختونخوا سے 106 لوگوں نے شرکت کی جن پر 6 کروڑ 65 لاکھ 42 ہزار 439 روپے خرچ کیے گئے۔

دستاویزات کے مطابق خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے وزرا، مشیر اور ٹورازم کے نوبیاہتا جوڑوں، بیورو کریٹس کے ساتھ ساتھ گل پانڑا بینڈ، صوفیہ بینڈ، خٹک ڈانس اور درجنوں افراد نے سرکاری پیسوں پر سیر سپاٹے کیے۔

خیبر پختونخوا حکومت کے صوبائی کابینہ سے صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، وزیر ثقافت شوکت یوسفزئی، وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور آئی ٹی خان محمد عاطف، وزیر زراعت محب اللہ خان، ایم پی اے ضیااللہ بنگش، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی عارف احمدزی، وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی عبدالکریم بھی ایکسپو میں شریک ہوئے۔

دستاویزات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ٹورازم ڈپارٹمنٹ سے 13 افسران نے ایکسپو میں شرکت کی۔

دستاویزات کے مطابق اس کے ساتھ دبئی ایکسپو میں 45 گلوکاروں اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے لوگوں نے شرکت کی۔

عبداللہ مومند اسلام آباد میں رہائش پذیر ایک تحقیقاتی صحافی ہیں۔