ہمیں نماز پڑھتا دیکھ کر گورے کھلاڑیوں کو سکون ملتا ہے، اسلام بارے سوال پوچھتے ہیں: محمد رضوان

ہمیں نماز پڑھتا دیکھ کر گورے کھلاڑیوں کو سکون ملتا ہے، اسلام بارے سوال پوچھتے ہیں: محمد رضوان
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ ہم لوگوں کو عجیب لگ رہا ہوتا ہےجب ہم کسی گورے کے سامنے نماز پڑھتے ہیں لیکن ان لوگوں کو سکون ملتا ہے۔

محمد رضوان نے یہ بات سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہمیں اپنے دین پر بالکل بھی شرمانا نہیں چاہیے۔ ہمیں اللہ تعالیٰ کے دین اور حضرت محمد ﷺ کے تمام طریقوں پر فخر کرنا چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ ہم دوران کرکٹ جب نماز پڑھتے ہیں تو گورے ہم سے پوچھتے ہیں کہ یہ کیا ہے؟ کیونکہ انھیں ہمیں یہ فرض ادا کرتے دیکھ کر سکون ملتا ہے، انھیں مزہ آتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں تو عجیب لگ رہا ہوتا ہے کہ ہم کسی گورے کے سامنے نماز وغیرہ پڑھتے ہیں لیکن جب ان گوروں سے پوچھیں تو انھیں اچھا لگتا ہے اور سکون مل رہا ہوتا ہے۔

قومی کرکٹر نے بتایا کہ حالیہ پی ایس ایل میں ٹم ڈیوڈ اور ڈیوڈ ویلی دوران ایونٹ مجھ سے بار بار دین اسلام کے بارے میں سوال کرتے رہے۔ حتیٰ کے نماز کے دوران بیٹھ بیٹھ کر پائوں پر جو نشان بن جاتا ہے اس کے بارے میں بھی انہوں نے سوال پوچھا۔

https://twitter.com/indyurdu/status/1498642962120650756?s=20&t=vHXjqzIy0ICD3Ye0fXs0rQ

مشتاق احمد سے بات کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ ہماری کرکٹ ٹیم سے متعلق اچھا سوچیں۔ کسی بڑے سٹیج پر ہوں تو سوچنا چاہیے کہ چوکا مارے گا یا 100، 50 بنائے گا۔ اسی طرح بائولرز سے متعلق بھی نہ ڈریں کیونکہ یہ بہت بہادر بائولر ہیں، ان سے متعلق سوچیں کے کہ یہ ابھی آئوٹ کرے گا۔

محمد رضوان نے آسٹریلوی تیز گیند باز جوش ہیزل ووڈ کو مشکل باؤلر قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں ہر دور میں مختلف باؤلر مشکل لگے ہیں۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں ذوالفقار بابر اور احسان عادل، انٹرنیشنل کرکٹ میں پہلے بنگلا دیش کے شکیب الحسن کو کھیلنے میں مشکل ہوئی۔

پاکستانی وکٹ کیپر محمد رضوان کا مزید کہنا تھا کہ قربانی کے بغیر کوئی بھی نمبر ون نہیں ہو سکتا۔ نمبر ون بننے کے لیے قربانی لازمی ہے، پھر چاہے کوئی مکینک ہو، جنرل سٹور ہو یا سبزی والا۔