Get Alerts

حکومت نے مہنگائی کے ستائے عوام پر پیٹرول بم گرا دیا

وزارت خزانہ کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق اتوار کی رات 12 بجے سے آئندہ 15 روز کیلئے ہو گیا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل عالمی مارکیٹ میں ہونے والی تبدیلی کے باعث کیا گیا۔ یہ رد و بدل حکومت کی عالمی مارکیٹ میں ہونے والی تبدیلی کے اثرات کو مقامی مارکیٹ پر منتقل کرنے کی پالیسی کے مطابق ہے۔

حکومت نے مہنگائی کے ستائے عوام پر پیٹرول بم گرا دیا

مہنگائی کے ستائے عوام پر بجلی اور گیس کے بعد پیٹرول بم بھی گرا دیا گیا۔حکومت نے پیٹرول کی قیمت بڑھا دی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں کمی کردی گئی۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے 66 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا جس کے بعد پیٹرول کی قیمت279 روپے 75 پیسے سے بڑھ کر289 روپے 41 پیسے ہوگئی۔

دوسری جانب ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 32 پیسے کی کمی کا اعلان کیا گیا ہے جس کے بعد ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 285 روپے 56 پیسے سے کم ہوکر 282 روپے 24 پیسے ہوگئی ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگیا جو 15 اپریل تک نافذ العمل رہے گا۔

وزارت خزانہ نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل عالمی مارکیٹ میں ہونے والی تبدیلی کے باعث کیا گیا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ رد و بدل حکومت کی عالمی مارکیٹ میں ہونے والی تبدیلی کے اثرات کو مقامی مارکیٹ پر منتقل کرنے کی پالیسی کے مطابق ہے۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

واضح رہے کہ 15 روز قبل حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول کی قیمت میں ردوبدل نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز حکام نے پیٹرول کی قیمت میں اگلے 15 روز کے لیے تقریباً 10 سے 11 روپے فی لیٹر تک اضافے کا تخمینہ لگایا تھا، جس کی بنیادی وجہ درآمدی پریمیم اور عالمی قیمتوں میں اضافہ ہے۔

باخبر ذرائع نے بتایا تھا کہ عالمی سیاسی صورتحال کی وجہ سے پیٹرول کی درآمدی قیمت میں تقریباً 4 ڈالر فی بیرل کا اضافہ ہوا ہے اور اس کی درآمد پر پریمیم 13.5 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا ہے جوکہ 12.15 ڈالر فی بیرل تھا۔ نتیجتاً حتمی شرح مبادلہ کے حساب سے پیٹرول کی قیمت میں 10 سے 11 روپے فی لیٹر اضافے کا تخمینہ لگایا گیا۔

دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں ڈیزل کی قیمت میں کمی آئی ہے اور پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او) کی طرف سے ادا کردہ درآمدی پریمیم 6.50 ڈالر فی بیرل پر برقرار رہا۔ لہٰذا ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 1.30 روپے سے 2.50 روپے فی لیٹر تک کمی کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

قیمتوں کے حساب کے حوالے سے حکام نے بتایا کہ گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران پیٹرول کی قیمت تقریباً 4 ڈالر فی بیرل بڑھ کر 94.5 ڈالر ہو گئی جبکہ ڈیزل کی قیمت تقریباً 60 سینٹ فی بیرل کم ہو کر 98.4 ڈالر ہو گئی۔