پاکستان کے نامور اداکار نعمان اعجاز نے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں کام کے طریقہ کار پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا کے دوران فنکاروں کی کنپٹی پر پستول رکھ کر کام کروایا جارہا ہے۔
ہدایت کار رافع راشدی کو دیے گئے انٹرویو میں نعمان اعجاز نے انڈسٹری میں معاوضوں کی عدم ادائیگیوں اور اس ضمن میں اداکاروں اور پروڈیوسرز کو پیش آنے والی مشکلات اور براڈ کاسٹرز کے رویے کے حوالے سے بات کی، جس کا مختصر ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں معاوضوں کی عدم ادائیگیوں سے متعلق سوال پر نعمان اعجاز نے کہا کہ میرے معاوضوں کی ادائیگیاں رکی ہوئی ہیں تو میں کسی اور کی کیا بات کروں گا، انہوں نے مزید کہا کہ ایک چینل نے مجھے ساڑھے 4 سے 5 کروڑ دینا ہے، دوسرے نے اڑھائی کروڑ روپے دینے ہیں پاکستان میں کوئی اداکار ایسا نہیں، کوئی پروڈیوسر ایسا نہیں جس کا معاوضہ نہ پھنسا ہو.