صوبائی دارالحکومت لاہور بدترین سموگ کے باعث دنیا بھر کے آلودہ ترین شہروں میں سے پہلے نمبرپر آگیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق لاہور میں موسم سرما شروع ہوتے ہی فضائی آلودگی میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے جس کے بعد لاہور کی ایئر کوالٹی انڈیکس397 پوائنٹس تک پہنچ چکی ہے۔
ایئر کوالٹی انڈیکس کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاوہ فیصل آباد بھی فضائی آلودگی کا شکار ہے جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس225 پوائنٹس ہے، بہاولپور میں 192 پوائنٹس، گوجرانوالہ میں 183 پوانٹس جبکہ اسلام آباد راولپنڈی میں ایئر کوالٹی انڈیکس157 پوائنٹس تک پہنچ چکی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ دھویں اور دھند کے ملاپ سے بننے والا سموگ چونکہ حدود سے ماورا ہوتا ہے اسی لیے بھارتی پنجاب اور پاکستانی پنجاب کے کچھ علاقے اسے سے شدید متاثر ہوتے ہیں، بھارت میں بھی فضائی آلودگی کی بڑی وجہ پنجاب میں اسموگ کا پیدا ہونا ہے۔
پاکستان میٹرولوجیکل تحقیقی ادارے کے حکام کے مطابق بھارت میں اس موسم میں ہزاروں ایکڑ زمین پر محیط چاولوں کی فصل کی کٹائی کے بعد کھیتوں کو آگ لگادی جاتی ہے، اس آگ سےا ٹھنے والا دھواں فضا میں موجود دھند میں شامل ہوکر دونوں ملکوں کو شدید فضائی آلودگی میں مبتلا کردیتا ہے۔
پنجاب کے کچھ شہروں بشمول لاہور کچھ سالوں سے اس مسئلے سے بری طرح دوچار ہے، گزشتہ سال کے طرح اس سال بھی شہری فضائی آلودگی اور بدترین سموگ کے باعث مختلف قسم کی سانس اور جلدی بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں۔