جو حالات ہیں ان میں بھارت کے ساتھ کسی صورت تجارت نہیں کرسکتے: وزیر اعظم عمران خان

جو حالات ہیں ان میں بھارت کے ساتھ کسی صورت تجارت نہیں کرسکتے: وزیر اعظم عمران خان
 

وزیراعظم کی زیرصدارت بھارت کے ساتھ تجارتی روابط سے متعلق مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ جو حالات ہیں اس میں بھارت سے تجارتی روابط کو زیر غور بھی نہیں لایا جاتا۔

اجلاس میں وزارت خارجہ کی جانب سے بھارت کے ساتھ تجارت سے متعلق تجاویز پر بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کے مطابق بھارت سے تجارت سے متعلق ای سی سی کی سفارشات کو وزیراعظم عمران خان نے مسترد کر دیا، وزیراعظم نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور کابینہ کے دیگر ارکان کی مشاورت کے بعد ای سی سی کی سفارشات کو مسترد کیا۔

گزشتہ روز کی خبر میں ذرائع کے مطابق یہ سامنے آیا تھا کہ  وزارت خزانہ کا چارج سنبھالنے والے حماد اظہر سے وزیر اعظم نے غصے میں استفسار کیا کہ آپ نے بھارت سے تجارت کی اجازت کیوں دی؟ جس پر وفاقی وزیر نے جواب دیا کہ جناب وزیر اعظم آپ نے ہی حکم دیا تھا جس پر عمل کیا ہے۔ اس حوالے سے میڈیا کو دستیاب ای سی سی کے میٹنگ منٹس میں یہ واضح ہے کہ ایک مجاز اتھارٹی سے اجازت کے بعد ہی اس معاملے کی اجازت دی گئی تھی۔