حکومت کو بھی علم ایمپائر نیوٹرل ہو چکا اور نمبرز گیم پوری ہے، تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی

حکومت کو بھی علم ایمپائر نیوٹرل ہو چکا اور نمبرز گیم پوری ہے، تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ہماری جو تیاری ہے سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب نہ ہو۔ دونوں اتحادی ''ہاں'' کی پوزیشن میں ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد کیلئے مسلم لیگ ن، جے یو آئی (ف) اور پیپلز پارٹی کی الگ الگ ذمہ داریاں تھیں۔ پنجاب میں زیادہ معاملہ ن لیگ کا تھا جسے طے کرکے پیش کر دیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے ذمہ ڈیلیور کرنا ہے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ق لیگ سے سب سے پہلے زرداری کی ملاقات ہوئی اور معاملہ طے ہوا۔ اب اتحادی ہاں کی پوزیشن میں ہیں نہ کرنے کی نہیں۔ وفاقی وزرا کو تو پتا ہی کچھ نہیں ہے۔ سب بے تکی باتیں کرتے ہیں۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے صحیح کہا ایمپائر نیوٹرل ہے۔ نمبر گیم کا حکومت کو بھی علم ہے کہ پورا ہے۔

خیال رہے کہ حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا معاملے میں تیزی آگئی ہے، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں تحریک پیش کردی جائے گی۔

متحدہ اپوزیشن کی جانب سے قائم کردہ 9 رکنی کمیٹی کے اجلاس میں حکومت کے خلاف عدم اعتماد سے متعلق قومی اسمبلی میں عددی اکثریت سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تینوں جماعتوں کے نمائندگان نے حکومتی اراکین کے ساتھ ہونے والی پیش رفت کمیٹی کے سامنےرکھی اور عدم اعتماد کو کامیاب بنانے کیلئے ضروری اقدامات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

اس موقع پر کمیٹی نے اپنی اپنی جماعت کی لیڈرشپ کو تحریک عدم اعتماد لانے کی سفارش کردی اور موقف اپنایا ہے کہ اپوزیشن کے پاس نمبر گیم پوری ہے لہذا جلد از جلد تحریک عدم اعتماد پیش کی جائے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں سردار ایاز صادق ، خواجہ سعد رفیق اور رانا ثناءاللہ نے اپوزیشن کمیٹی میں مسلم لیگ ن ، یوسف رضا گیلانی ، راجا پرویز اشرف اور نوید قمر نے پیپلز پارٹی اور کامران مرتضیٰ ، مولانا اسد محمود اور اکرم درانی نے جمیعت علمائے اسلام کی نمائندگی کی۔