الیکشن ڈے پر انٹرنیٹ سروس بند نہیں ہوگی: پی ٹی اے

پی ٹی اے کے مطابق الیکشن کے روز صارفین کو انٹرنیٹ کی سہولت میسر ہوگی اور انٹرنیٹ سروس بغیر کسی تعطل اور رکاوٹ کے جاری رہے گی۔

الیکشن ڈے پر انٹرنیٹ سروس بند نہیں ہوگی: پی ٹی اے

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے ) کا کہنا ہے کہ الیکشن کے روز ملک میں انٹرنیٹ سروس بند نہیں ہوگی۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق الیکشن کے روز صارفین کو انٹرنیٹ کی سہولت میسر ہوگی اور انٹرنیٹ سروس بغیر کسی تعطل اور رکاوٹ کے جاری رہے گی۔ حکومت نے پولنگ کے دن انٹرنیٹ بند کرنے کے کوئی احکام نہیں دیے۔

گزشتہ روز نگران وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے بھی بیان میں کہا تھا کہ حکومت کی جانب سے انتخابات کے موقع پر موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ بند کرنے کی کوئی گائیڈ لائن نہیں دی گئی ہے۔ 

نگران وفاقی وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ نگران حکومت نے اپنی تمام ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں۔ پرامن، صاف اور شفاف الیکشن کے انعقاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ سکیورٹی حالات کے پیش نظر کسی ضلع یا صوبےکی درخواست آئی تو انٹرنیٹ سروس بند کرنے پرغور کیا جائےگا۔ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں 12 کروڑ سے زائد ووٹر حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

واضح رہے کہ چند روز سے سوشل میڈیا کے حوالے سے بہت زیادہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ 8 فروری کو الیکشن ڈے پر انٹرنیٹ بند رہے گا۔

بعدازاں ایک شہری کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئےسندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عقیل احمد عباسی نے بھی احکامات جاری کیے تھے کہ الیکشن کے روز ملک بھر میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بلاتعطل فراہم کی جائے گی۔

جسٹس عقیل احمد عباسی نے ملک میں بار بار انٹرنیٹ سروس کی بندش اور تعطل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہاں ہمارا انٹرنیٹ نہیں چلتا تو کہیں اور کیا چلتا ہو گا۔ لگتا ہے الیکشن کے بعد ٹھیک ہو جائے گا۔