عمران خان نے قوم کے 12 ارب بچا لئے، مگر کیسے؟

عمران خان نے قوم کے 12 ارب بچا لئے، مگر کیسے؟
وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹر پر اعلان کیا ہے کہ انہوں نے ملک کے 1.2 ارب ڈالر بچا لیے ہیں.

ٹویٹ کے مطابق یہ رقم کارکے رینٹل پاور کیس میں عائد جرمانے سے نجات حاصل کر کے بچائی گئی ہے. کارکے ان 12 رینٹل پاور کمپنیوں میں سے ایک تھی. جن سے پیپلز پارٹی کی حکومت نے توانائی بحران کے حل کے لیے 09-2008 معاہدے کیے تھے.

کارکے کے ساتھ معاہدے کی مالیت 56 کروڑ ڈالر سے زائد تھی. معاہدے کے تحت کراچی میں کرائے کا بجلی گھر لگایا گیا تھا. اس بجلی گھر سے 2009 سے پیپکو کو 231 میگاواٹ بجلی فراہم ہونا تھی تاہم ترک کمپنی صرف 30 سے 55 میگاواٹ بجلی فراہم کر سکی جس کی لاگت 41 روپے فی یونٹ تھی.

اس معاہدے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر ہوئی. درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے سپریم کورٹ نے یہ معاہدہ منسوخ کر دیا تھا. معاہدہ منسوخ ہونے پر ترک کمپنی نے 2013 میں 'آئی سی ایس آئی ڈی' سے رجوع کیا تھا. کارکے کمپنی نے پاکستان پر 2 ارب 10 کروڑ ڈالر ہرجانے کا دعویٰ کیا تھا.

'آئی سی ایس آئی ڈی' نے ستمبر 2017 میں پاکستان کے خلاف فیصلہ سناتے ہوئے بھاری جرمانہ عائد کیا تھا تاہم، اب ترک صدر کی مدد سے پاکستان حکومت اور کارکے کے درمیان سمجھوتہ ہو گیا ہے. اس سمجھوتے پر وزیراعظم عمران خان نے مذاکراتی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے. تاہم انہوں نے یہ تفصیلات نہیں بتائیں کہ یہ تنازع آخر حل کیسے ہوا؟