پولیس نے مسلح جتھوں کی شرپسندی کا بڑے تحمل اور پیشہ ورانہ انداز میں جواب دیا: آئی جی پنجاب

پولیس نے مسلح جتھوں کی شرپسندی کا بڑے تحمل اور پیشہ ورانہ انداز میں جواب دیا: آئی جی پنجاب
انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس کی جرأت اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں مسلح جتھوں نے شرپسندی کی جس کا پولیس نے بڑے تحمل اور پیشہ ورانہ انداز میں جواب دیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پولیس کی ویلفیئر کیلئے بے مثال کام کیا ہے۔

ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول بیدیاں روڈ پر بیسک ایلیٹ کمبیٹ (Combat) کورس 24 کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب کا انعقاد ہوا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی مہمان خصوصی تھے۔صوبائی وزراء ایس ایم تنویر، عامر میر، ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز، سی سی پی او لاہور، ایس ایس پیز، سیکرٹری اطلاعات اور پاس آؤٹ ہونے والے پولیس جوانوں کے عزیز و اقارب کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔

39 خواتین اور 542 مرد پولیس اہلکاروں نے بیسک ایلیٹ کمبیٹ کورس 24 کامیابی سے مکمل کیا۔ کمانڈنٹ ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول نوید وقاص نے سپاسنامہ پیش کیا۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مارشل آرٹس، فائرنگ تکنیکس، انسداد دہشت گردی کے آپریشن اور دیگر مہارتوں کا عملی مظاہرہ دیکھا اور پولیس جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کو سلامی پیش کی۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تربیت مکمل کرنے والے بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تربیت کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والے مرد و خواتین اہلکاروں میں انعامات تقسیم کئے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاس آؤٹ ہونے والے مرد و خواتین پولیس اہلکاروں کو مبارکباد دیتا ہوں اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ مستقبل آپ جیسے جوانو ں کا ہے۔ محنت سے فرائض سرانجام دیں اور بہادری کے ساتھ جرائم پیشہ عناصر کا قلع قمع کریں۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ 4 ماہ میں پولیس کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔ پنجاب حکومت پولیس سے متعلقہ دیگر ایشوز بھی ترجیحی بنیادو ں پر حل کرے گی۔

وزیراعلیٰ نے ایلیٹ پولیس فورس کیلئے الاؤنس 10 ہزار روپے کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کابینہ کے اجلاس میں پولیس فورس کے الاؤنس میں اضافے کی منظوری دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سپیشل برانچ کیلئے سروس سٹرکچر بنایا جائے گا۔ ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول میں انسٹرکٹرز اور ٹرینرز کی کمی کو دور کیا جائے گا۔ اس ضمن میں الیکشن کمیشن سے اجازت لے کر مزید اقدامات کریں گے۔ ایلیٹ پولیس فورس کیلئے نائٹ آپریشن کیلئے آلات اور دیگر ساز و سامان خریدیں گے۔

محسن نقوی نے کہا کہ ایلیٹ پولیس فورس کی تربیت کیلئے بیسک کورس کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے جوانوں کو ایڈوانس کورس بھی کرائے جائیں گے۔ ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول میں سوئمنگ پول کو جلد فنکشنل کر دیا جائے گا۔ راولپنڈی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں سیف سٹی پراجیکٹ شروع کر رہے ہیں۔ تینوں شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹس تقریباً 100 ارب روپے میں بننے تھے لیکن یہ پراجیکٹس 5 ارب روپے میں مکمل کرنے کی کوشش کریں گے۔

اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس نے ہمیشہ جرأت اور بہادری کی داستانیں رقم کی ہیں۔ حال ہی میں مسلح جتھوں نے شرپسندی کی۔ پولیس نے بڑے تحمل اور پیشہ ورانہ انداز میں جواب دیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پولیس کی ویلفیئر کیلئے بے مثال کام کیا ہے۔

حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔