اکبر بگٹی کی بیوہ نے ایڈووکیٹ حسان نیازی پر پرچہ کروا دیا

اکبر بگٹی کی بیوہ نے ایڈووکیٹ حسان نیازی پر پرچہ کروا دیا
لاہور میں سابق گورنر بلوچستان نواب اکبر بگٹی کی بیوہ کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے بھانجے ایڈووکیٹ حسان نیازی سمیت چار وکلاء کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا، انویسٹی گیشن پولیس واقعہ کی فوٹیج ملنے کے بعد ملزمان کے خلاف کارروائی کا اغاز کرے گی۔

مقدمہ اکبر بگٹی کی بیوہ شہزادی نرگس کی مدعیت میں تھانہ اسلام پورہ لاہور میں درج کیا گیا جس میں انہوں نے الزام لگایا کہ ایڈووکیٹ حسان نیازی نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سید علی عباس کی عدالت میں ان پر حملہ کیا۔ ایف آئی آر میں کہا گیا کہ کہ ملزم وکیل نے ساتھیوں سمیت انہیں حراساں کرنے کی کوشش کی، ان پر تشدد کیا اور انہیں جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق شہزادی نرگس نے کہا کہ جب کیس کے سلسلے میں وہ اپنے وکیل کے ہمراہ کمرہ عدالت پہنچیں توحسان نیازی نے ان سے تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا اور انہوں نے اسے گالیاں نکالیں اور دھمکاتے رہے۔ اطلاعات  کے مطابق واقعے پر موجود وکلاء نے بیچ بچاؤ کروایا تاہم انویسٹی گیشن پولیس کو کمرہ عدالت میں ہونے والے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا انتظار ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی نشاندھی کے بعد کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔