پانامہ کیس کے جج سابق جسٹس اعجاز افضل کے بھائی اور بیٹے کی کیپٹن صفدر کی زمین پر قبضے کی کوشش، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کی ہدایت پر ان دونوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کیپٹن صفدر کے بھائی ایم این اے ڈاکٹر سجاد اعوان پر فائرنگ کرنے اور ان کی زمین پر قبضہ کرنے کے الزام میں مانسہرہ پولیس نے سابق جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان اعجاز افضل خان کے بھائی سجاد افضل خان ایڈووکیٹ اور ان کے بیٹے سیف علی خان ایڈووکیٹ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
یہ مقدمہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے استحقاق کی مداخلت پر درج کیا گیا ہے۔ یاد رہے کے کیپٹن صفدر نے 25سال قبل مانسہرہ میں اراضی خریدی تھی اس پر تعمیراتی کام جاری تھا کہ اعجاز افضل خان کے بھائی اور بیٹے نے ہلہ بول کر زیرتعمیر دیوار گرانے اور توڑ پھوڑ کرنے کے ساتھ فائرنگ کی تھی۔ اس واقعے کا مقدمہ درج کرنے میں مانسہرہ پولیس ٹال مٹول کر رہی تھی جس پر ایم این اے نے معاملہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے حوالے کیا۔
قائمہ کمیٹی نے خیبرپختونخواہ پولیس کے اعلیٰ افسران کو طلب کر کے باز پرس کی اور ہدایات جاری کیں کہ انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے مقدمہ کا اندراج کیا جائے جس پر مانسہرہ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تفتیش شروع کر دی ہے۔