ایرانی بحریہ نے مشقوں کے دوران اپنے ہی جنگی جہاز کو نشانہ بنا ڈالا، 19 افراد ہلاک

ایرانی بحریہ نے مشقوں کے دوران اپنے ہی جنگی جہاز کو نشانہ بنا ڈالا، 19 افراد ہلاک
ایران کی بحریہ نے خلیج عمان میں مشقوں کے دوان اپنے ہی بحری جہاز پر میزائل داغ دیا جس کے نتیجے میں جہاز میں سوار نیوی کے 19 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی فوج نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ اتوار کے روز اس وقت پیش آیا جب فوجی مشقوں کے دوران خلیج عمان میں میزائل کو ہدف کی طرف فائر کیا گیا لیکن وہ قریب ہی موجود جنگی جہاز کو جالگا جس کے نتیجے میں جہاز میں سوار 19 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔

خبرایجنسی اے ایف پی کے مطابق سرکاری ٹی وی کا کہنا تھا کہ امریکہ سے خلیجی پانیوں میں جاری کشیدگی کے پیش نظر جاری مشقوں کے دوران جنگی جہاز اتفاقیہ نشانہ بن گیا۔

ایران کے سرکاری ٹی وی کی ویب سائٹ میں کہا گیا ہے کہ جنگی جہاز مشقوں کے دوران اس وقت نشانہ بنا جب وہ مقررہ ہدف کی طرف بڑھ رہا تھا اور جو اپنے ہدف سے زیادہ دور نہیں تھا۔

ایرانی فوج نے واقعے میں 19 ہلاکتوں کی تصدیق کردی ہے اور بیان میں کہا کہ مذکورہ حادثے پر تفتیش کی جارہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ حادثے کے وقت جہاز میں عملے اور دیگر کتنے افراد موجود تھے۔

سرکاری نیوز ایجنسی تسنیم کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ایرانی جنگی جہاز دوسرے ایرانی جہاز سے فائر ہونے والے میزائل کا نشانہ بننے کے بعد ڈوب گیا۔