9 مئی واقعات کا ماسٹر مائنڈ عمران خان ہے: رانا ثنا اللہ

9 مئی واقعات کا ماسٹر مائنڈ عمران خان ہے: رانا ثنا اللہ
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ایک بار پھر گرفتاری کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ملٹری تنصیبات اور شہیدوں کی یادگاروں پر حملے کرنے والوں کو نہیں بخشیں گے۔

ایک بیان میں رانا ثنااللہ نے کہا کہ 9 مئی واقعات کا ماسٹر مائنڈ چیئرمین پی ٹی آئی ہے۔ ورغلائے جانے والے بچے جیل میں اور والدین باہر رو رہے ہیں۔ بھڑکانے والا خود تعویذ گنڈوں اور جادو ٹونے میں مصروف ہے۔ کالے بکروں کے صدقے سے اب بلا نہیں ٹلے گی بلکہ قانون کا وار چلے گا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ایک شخص کہتا تھا کہ مجھے گرفتار کرنا ریڈ لائن ہے اور ریاست کی ایسی تیسی کر دوں گا۔ اگر کسی کی گرفتاری ریڈ لائن ہے تو پھر ریاست کہاں گئی؟

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے نوجوانوں کو ورغلا کر دفاعی تنصیبات پر حملہ کروا دیا۔ شہدا کے مجسموں کی بے حرمتی اور جناح ہاؤس کو جلا دیا گیا۔ کیپٹن کرنل شیر خان شہید ہوا تو دشمن نے بھی انہیں سلوٹ کیا۔ نفرت میں مبتلا لوگوں نے شہدا کے مجسموں کو آگ لگا دی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ایک شخص نواز شریف پر الزام لگاتا رہا اور خود فرح گوگی بٹھا رکھی تھی۔ اس کی بیوی فائلوں پر دستخط کرتی اور کہتی تھی کہ ہیرے کی انگوٹھی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ 2018 میں ہم پر ہر طرح کا ظلم کیا گیا اور دھاندلی کی گئی۔ایک عجیب پارٹی کو اقتدار میں لایا گیا جس نے ساڑھے 3 سال میں نوجوان نسل کو گمراہ کر دیا۔ انہوں نے کرپشن کی لیکن کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا۔