کرونا وائرس نے دنیا بھر میں ہولناکیوں کی داستانیں رقم کی ہیں۔ کہیں پر لوگوں نے اپنے پیاروں کو سانس لینے کے لئے ہاتھ پاوں پٹختے دیکھا ہے تو کہیں کوئی بھوک سے سسک سسک کر مرا ہے۔ کسی کو ہسپتال نہیں ملا تو کسی کو بروقت طبی امداد نہیں ملی۔۔ تاریخ میں انسانی بے بسی کی داستانوں میں یہ ایک اور اضافہ ہے۔
ایسا ہی واقعہ اب منظر عام پر آیا ہے جس میں کرونا وائرس سے متاثرہ بھائی کرونا وائرس سے مر جانے والی بہن کی لاش کے ساتھ قرنطینہ میں رہنے پر مجبور ہوگیا۔
گو یہ واقعہ دو ماہ قبل کا ہے تاہم اب دوبارہ سے اسکی وائرل ہونے والی ویڈیو نے اسکی یاد تازہ کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ ویڈیو ایک اطالوی اداکار کی جانب سے بنائی گئی ہے جس میں اس کے عقب میں ایک خاتون بستر پر مبینہ طور پر مردہ حالت میں موجود ہے۔ اور وہ دیکھنے والوں کو بتا رہا ہے کہ کیسے اسنے اپنے قریبی ہسپتال اور اطالوی حکام کو کئی فون کئے لیکن ان بہن بھائیوں کو دیکھنے کوئی نہیں آیا۔ نہ ہی انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ اس حوالے سے اطالوی اداکار کا کہنا تھا کہ اسکی بہن مرگی کی مریضہ تھی جس کی حالت کرونا وائرس کی وجہ سے جلد خراب ہوئی۔
وہ کہتے ہیں کہ میں نے بہت فون کئے کسی نے ہماری مدد نہیں کی۔ ساتھ ہی ہمیں قرنطینہ کررکھا تھا کہ ہم اندرہیں۔ اگر میں باہر جاتا تو وائرس کئی لوگوں میں پھیلا دیتا۔ اب وہ اپنی بہن کی لاش کے ساتھ رہنے پر مجبور ہیں۔ اس ویڈیو کے حوالے سے سوشل پر غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
https://www.youtube.com/watch?v=KEQ3Bvuvef4
یہ واضح نہیں ہوا کہ وہ اس مشکل ترین مرحلے سے کس طرح سے نبرد آزما ہوئے تاہم انکی یہ ویڈیو اب دوبارہ سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔