سابق صدرِِ پاکستان کراچی میں انتقال کر گئے

سابق صدرِِ پاکستان کراچی میں انتقال کر گئے
پاکستان کے سابق صدر ممنون حسین بدھ 14 جولائی کی شام کراچی میں انتقال کر گئے۔ ممنون حسین گذشتہ چند روز سے علیل تھے۔ وہ 9 ستمبر 2013 سے 8 ستمبر 2018 تک پاکستان کے صدر رہے۔ انہوں نے اگست 2018 میں وزیر اعظم عمران خان سے بھی حلف لیا۔

سابق صدر مسلم لیگ نواز کے دیرینہ کارکن اور نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے۔ مسلم لیگ نواز کی کراچی میں کمزور پوزیشن کے باوجود وہ ہر دور میں نواز شریف کے ساتھ کھڑے رہے۔ اب سے کچھ عرصہ قبل مسلم لیگ ن کے کراچی ہی سے ایک اور سینیئر رہنما اور نواز شریف کے قریبی ساتھی مشاہد اللہ خان بھی انتقال کر گئے تھے۔

ممنون حسین کی وفات پر زندگی کے ہر شعبہ سے شخصیات دکھ کا اظہار کر رہی ہیں۔

ممنون حسین کون تھے؟

ممنون حسین پاکستان کے بارہویں صدر رہے۔ ممنون حسین نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے صدارتی منصب کے انتخاب میں حصہ لیا۔ وہ متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے ایک تاجر تھے۔ ممنون حسین کی مادری زبان اردو تھی۔ وہ کراچی میں قائم ایک ٹیکسٹائل کمپنی کے مالک تھے۔

ممنون حسین 1940 میں بھارت کے شہر آگرہ میں پیدا ہوئے۔ قیام پاکستان کے بعد ان کا خاندان نقل مکانی کر کے پاکستان آ گیا۔ انہوں نے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کراچی سے گریجویٹ کیا۔

ممنون حسین کا سیاسی سفر

1993 میں جب پاکستان کے اس وقت کے صدر غلام اسحاق خان نے میاں نواز شریف کی حکومت برطرف کی تو ان دنوں ہی ممنون حسین شریف برادران کے قریب پہنچے اور بعد میں وہ مسلم لیگ سندھ کے قائم مقام صدر سمیت دیگر عہدوں پر فائز رہے۔ ممنون حسین 1997 میں سندھ کے وزیر اعلیٰ لیاقت جتوئی کے مشیر رہے، 1999 میں انہیں گورنر مقرر کیا گیا، مگر صرف چار ماہ بعد ہی میاں نواز شریف کی حکومت کا تخہ الٹ گیا اور وہ معزول ہو گئے۔

صدر ممنون حسین نے سیاست میں دلچسپی 1968 میں لینا شروع کی جب یہ نورالامین کی قیادت میں مسلم لیگ کا حصہ بنے۔ جلد ہی وہ مسلم لیگ کراچی کے جوائنٹ سیکرٹری بن گئے۔ 1993 میں انہوں نے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کر لی اور مسلم لیگ ن کراچی کے سیکرٹری خزانہ رہے۔ جنرل مشرف کے دورِ آمریت میں انہوں نے جمہوریت کے لئے آواز اٹھانے پر سیاسی قید بھی کاٹی۔

پاکستان کے صدر بننے کے وقت یہ ملکی تاریخ کے دوسرے معمر ترین صدرِ پاکستان تھے۔ صدر ممنون جنرل ایوب خان کے بعد واحد صدر ہیں جنہیں اپنے دورِ صدارت میں پانچ مختلف چیف جسٹس آف پاکستان سے حلف لینے کا اعزاز حاصل ہے۔ یہ پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔

ممنون حسین بطور صدر پاکستان

ممنون حسین منگل 30 جولائی 2013 کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں بھاری اکثریت سے ملک کے بارہویں صدر منتخب ہوئے۔ انھوں نے 432 ووٹ لیے۔ تحریکِ انصاف کے جسٹس (ر) وجیہہ الدین ان کے مدِ مقابل تھے جنہوں نے 77 ووٹ حاصل کیے۔ 8 ستمبر 2018 کو ممنون حسین کی مدت ختم ہو گئی۔ رختصی کے وقت انہیں الوداعی گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

https://twitter.com/MaryamNSharif/status/1415365479091240960

https://twitter.com/PresOfPakistan/status/1415361197298307077