ترجمان پاک فوج کے مطابق مسلح افواج نے افغانستان سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی دہشتگرد کارروائیوں پر شدید تحفظات ہیں۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ژوب حملے میں زخمی ہونے والے جوانوں کی عیادت کی اور حملے کے شہدا کو بھرپور انداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر نے جاری کردہ بیان میں بتایا کہ دورے کے موقع پر آرمی چیف عاصم منیر کو حالیہ دہشتگرد حملوں پر بریفنگ دی گئی۔
بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کو افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی کو محفوظ پناہ گاہوں اور آزادانہ کارروائی پر شدید تحفظات ہیں۔ توقع ہے کہ افغان حکومت اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گی۔ حکومت دوحہ معاہدے پر عمل درآمد یقینی بنائے۔
پاک فوج کے سپہ سالار نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی میں افغان شہریوں کی شمولیت پر تشویش ہے۔ اس امر کو فوری طور پر حل کیا جانا چاہیے۔ یہ دہشتگرد حملے ناقابلِ قبول ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف آپریشن بلاامتیاز جاری رہے گا اور مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک آرام سے نہیں بیٹھیں گی۔