اسلام آباد انتظاميہ نے حکومت ویژن کے مطابق يکم تا 12 ربيع الاول تک ہر قسم کی گاڑیوں اور پبلک ٹرانسپورٹ ميں موسيقی پر پابندی عائد کر دی ہے۔
خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے ملکی سطح پر عشرہ رحمت العالمین ﷺ منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس عشرے میں تمام تعلیمی اداروں میں سیرت النبی ﷺ پر تقریری اور نعتیہ مقابلے منعقد کروائے جائیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس اہم معاملے پر پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے پاکستان ٹیلی وژن اور تمام نجی چینلز کو خصوصی ہدایات جاری کی جائیں گی۔ جبکہ اس کے علاوہ دیگر اسلامی ملکوں میں ربیع الاول کے پروگراموں کی خصوصی تشہیر بھی کی جائے گی۔
پبلشرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ عشرہ رحمت العالمین کے دوران سیرت النبی ﷺ کی کتب پر خصوصی رعایت دیں۔ اس کے علاوہ تمام سرکاری اور چینلز سے سیرت طیبہ ﷺ کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا جائے گا۔
عشرہ رحمت العالمین ﷺ میں علمائے کرام، سکالرز اور طلبہ عوام کو موثر آگہی دینے کا فریضہ سرانجام دیں گے جبکہ منشیات کی روک تھام، معاشرے میں بڑھتی جنسی درندگی اور خواتین کے حقوق کے حوالے سے آگہی دی جائے گی۔
اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے خاص طور پر ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ربيع الاول کے احترام میں تلاوتِ قرانِ پاک، حمد اور نعت لگانے کی اجازت ہوگی۔ خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل ميں لائی جائے گی۔