راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ حکومت نے احسن طریقے سے فتنے پر قابوپالیا، سیکیورٹی اداروں نے اس فتنے کو ناکام بنایا، مجبوری میں سوشل میڈیا پرعارضی طورپرپابندی لگائی گئی۔
ان کا کہنا تھاکہ پاکستان کی ریاست ہرگزکمزورریاست نہیں، ریاست کی رٹ کوچیلنج نہیں کیا جاسکتا، تحریک لبیک اب ختم ہوگئی، اس پر پابندی کا فیصلہ حکومت کا اپنا ہے، کسی بین الاقوامی طاقت یا ملک نے ہم سے اس ایکشن کامطالبہ نہیں کیا، فیصلہ اندرونی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ وزارت داخلہ، وزارت مذہبی امور اور صوبائی حکومتوں نے مل کر ایکشن لیا جو کامیاب ہوا۔
یاد رہے کہ کالعدم جماعت تحریک لبیک کے سبراہ سعد رضوی کا نام فور شیڈول میں ڈال دیا گیا ہے۔ شیڈول فور میں نام شامل ہونے کے بعد مرحوم علامہ خادم حسین رضوی کے بیٹے سعد رضوی کی جائیداد منجمد اور شناختی کارڈ بلاک کردیاگیا، سعد رضوی نہ کوئی بینک اکاؤنٹ استعمال کرسکیں گے نہ جائيدادکی خرید و فروخت کرسکیں گے۔
نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے بھی تحریک لبیک کا نام کالعدم جماعتوں کی فہرست میں شامل کرلیا۔ سعد رضوی کو اصل پاسپورٹ متعلقہ تھانے کے انچارج کو جمع کروانا ہوگا، مستقل رہائش گاہ سے کہیں اور جانے پر متعلقہ تھانے سے پیشگی اجازت لینی ہوگی، سعد رضوی کو کہاں جانا ہے، کس سے ملنا ہے، اس کی بھی تفصیل دینی ہوں گی۔