ریمڈِسیوِ نامی دوا دنیا کو کرونا وائرس سے نجات دلوا سکتی ہے، حوصلہ افزا نتائج

ریمڈِسیوِ نامی دوا دنیا کو کرونا وائرس سے نجات دلوا سکتی ہے، حوصلہ افزا نتائج
کرونا وائرس کی وبا سے دنیا بھر میں متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 22 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہیں۔ پاکستان سمیت کئی ملکوں میں اس بیماری کے علاج کے لیے دوا بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور نئی ریمڈِسیوِ نامی دوا سے امید کی کرن پیدا ہوئی ہے۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ دوا دنیا کو کرونا وائرس سے نجات دلوا سکتی ہے۔

امریکہ میں کووڈ 19 بیماری کے شافی علاج کے لیے ایک دوا ریمڈِسیوِ تیار کی گئی ہے۔ اس دوا کی آزمائش اب ایسے بندروں پر شروع کر دی گئی ہے، جن کو کرونا وائرس کی نئی قسم سے متاثر کیا گیا تھا۔ ابتدائی نتائج کے مطابق بیمار بندروں میں دوا کے مثبت اثرات سامنے آئے ہیں اور انہوں نے صحت یاب ہونا شروع کر دیا ہے۔

امریکی ادارے نیشنل انسٹیٹیوٹ برائے ہیلتھ کی جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ انسدادِ وائرس کی نئی دوا ریمڈِسیوِر کے جو ٹیسٹ بندروں پر کیے گئے ہیں، اُس کے مثبت کلینیکل نتائج سامنے آئے ہیں جو یقینی طور پر حوصلہ افزا ہیں۔ دوا دینے کے بعد بندروں کی بیماری میں کمی ہوئی اور بیمار بندروں کے وائرس سے متاثرہ پھیپھڑوں میں بھی بہتری پیدا ہوئی ہے۔

نئی دوا ریمڈِسیوِر پر تجربات امریکہ کے قومی ادارے ان آئی ایچ کی نگرانی میں جاری ہیں۔ نئی دوا ریمڈِسیوِر کی باضابطہ منظوری ابھی باقی ہے۔

اس کے ابتدائی ٹیسٹ وائرس میں مبتلا ایسے مریضوں کے ایک گروپ پر بھی کیے جا چکے ہیں، جو ہسپتالوں میں داخل ہیں۔ اس دوا کا بنیادی کام انسانی بدن میں داخل ہو کر کووڈ 19 بیماری کے وائرس کی کسی بھی شکل کو پوری طرح ہلاک یا ختم کر دینا ہے۔

ریمڈِسیوِر نامی دوا ایک طبی ریسرچ کے ادارے جیلیڈ سائنسز کے محققین کی کاوش ہے۔ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے فوسٹر سٹی میں اس کا صدر دفتر ہے۔

جیلیڈ سائنسز بائیوفارماسیوٹیکل تحقیقی ادارہ ہے اور یہ تجارتی بنیاد پر ادویات بھی تیار کرتا ہے۔