Get Alerts

الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کیخلاف فارن فنڈنگ کیس کا جلد فیصلہ سنائے، مریم نواز کا مطالبہ

الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کیخلاف فارن فنڈنگ کیس کا جلد فیصلہ سنائے، مریم نواز کا مطالبہ
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے عمران خان اور پی ٹی آئی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی ہی 20 سیٹوں پر 5 ہار جانے پر زیادہ زعم میں آنے کی ضرورت نہیں ہے۔

مریم نواز شریف کا سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن پر آپ کا حملہ وہ دھاندلی نہیں جو ہوئی ہی نہیں، بلکہ فارن فنڈنگ فیصلے کا خوف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ کو معلوم ہے کہ اس میں آپ کے خلاف ناقابلِ تردید شواہد سامنے آ چکے ہیں جن کا منظرِ عام ہر لایا جانا ناگزیر ہے۔ مریم نواز شریف نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان فارن فنڈنگ کیس کا جلد از جلد فیصلہ سنائے۔

اس سے قبل اپنی ایک ٹویٹ میں مریم نواز شریف نے بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کی شکست کو کھلے دل سے تسلیم کرتے ہوئے رہنمائوں کو تاکید کی تھی وہ اپنی غلطیوں کو درست کریں۔

انہوں نے کہا تھا کہ مسلم لیگ ن کو کھلے دل سے نتائج تسلیم کرنا چاہیں۔ عوام کے فیصلے کے سامنے سر جھکانا چاہیے۔ سیاست میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے۔ دل بڑا کرنا چاہیے۔ جہاں جہاں کمزوریاں ہیں، ان کی نشاندہی کرکے انھیں دور کرنے کے لئے محنت کرنی چاہیے۔ انشاءاللّہ خیر ہوگی۔