جمائی لینا کوئی گناہ تو نہیں، ہونا تھا ہو گیا، سرفراز احمد

جمائی لینا کوئی گناہ تو نہیں، ہونا تھا ہو گیا، سرفراز احمد
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے بھارت کے میچ کے بعد سے شروع ہونے والی تنقید اور ذاتی حملوں پر اپنی خاموشی توڑ ڈالی۔


لارڈز میں پریکٹس سیشن کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کرکٹ پر بات کریں کسی کو برا نہیں لگتا لیکن گالیاں کسی کو پسند نہیں اور ایسا ہونا ٹھیک بھی نہیں ہے۔

سرفراز احمد نے سابق کرکٹرز پر بھی ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کچھ سینئرز تو ٹی وی پر خدا بن کر بیٹھے ہیں، وہ پاکستانی پلیئرز کو کرکٹر ہی نہیں مانتے اور اگر ان کے بارے میں کچھ کہا تو وہ اور لتاڑ دیں گے۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ اس وقت کھلاڑی جن حالات سے گزر رہے اس کا کسی کو اندازہ ہی نہیں، ایسے میں ٹیم کو سپورٹ کی ضرورت ہے۔

بھارت کے خلاف میچ کے دوران جمائی لینے سے متعلق سوال پر سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ جمائی لینا کوئی گناہ تو نہیں، ہونا تھا ہو گیا۔


ان کا کہنا تھا کہ میں جیسا پہلے تھا ویسا ہی ہوں، میں نے اونچا اڑنا نہیں سیکھا کیونکہ جب گروں تو سنبھلنا مشکل نہ ہو، برے دن ہیں نکل جائیں گے۔


ورلڈ کپ میں جنوبی افریقا سے میچ پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم اس میچ میں اپنی بہترین کرکٹ کھیلے گی، ٹورنامنٹ اوپن ہے، پاکستان ٹیم کوشش کرے گی کہ اچھا کھیل کر کم بیک کرے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ ورلڈ کپ میں جنوبی افریقا کے خلاف پاکستان کا ریکارڈ اچھا ہے اور اس کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔

ایک سوال پر سرفراز احمد نے اس بات کی تصدیق کی کہ جنوبی افریقا کیخلاف میچ کیلئے اسکواڈ میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے تاہم حتمی الیون کا فیصلہ ٹاس پر وکٹ دیکھ کر کیا جائے گا۔