خریداری ہے ضروری، پرواز ایک گھنٹہ تاخیر کا شکار ہو گئی

کیا آپ نے کبھی یہ تصور کیا ہے کہ آپ شاپنگ میں مصروف ہوں اور پرواز کے اڑان بھرنے کا وقت ہو جائے؟ اگر آپ کا جواب نفی میں ہے تو تھائی لینڈ میں کچھ ایسا ہی ہوا جب بینکاک ایئرپورٹ پر ایک پرواز محض اس لیے تاخیر کا شکار ہو گئی کیوں کہ ایک مسافر نے ایروبرج گرا کر اسے ٹیک آف ہونے سے روک دیا۔

اخبار بینکاک پوسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق، چین کے شہر شنگھائی جانے والی پرواز میں 160 مسافر سوار تھے جب ٹیک آف سے قبل ایک خاتون نے مطالبہ کیا کہ طیارے کو اس کی بیٹی کے لیے روکا جائے جو ہوائی اڈے کی ڈیوٹی فری شاپ پر خریداری میں مصروف ہے۔

اس واقعہ کی ویڈیو بھی انٹرنیٹ پر وائرل ہو گئی ہے جسے ایک مسافر نے چینی ویڈیو پلیٹ فارم ڈویون پر پوسٹ کیا جب کہ بعدازاں اسے یوٹیوب پر بھی اپ لوڈ کر دیا گیا۔

مذکورہ ویڈیو میں یہ دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک فلائٹ اٹینڈنٹ پریشان مسافروں کو صورت حال کے بارے میں آگاہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے جن میں سے کچھ تو یہ سوال بھی پوچھ رہے ہیں کہ فضائی کمپنی اس معاملے سے کس طرح پیش آ رہی ہے؟



ویڈیو میں ایک جگہ ایک مسافرہ کو ایروبرج پر بیٹھا دیکھا جا سکتا ہے جب کہ عملے کا ایک فرد اس کے پاس کھڑا ہے۔

یہ پرواز اس وقت تک منزل کی جانب روانہ نہیں ہو سکی جب تک ماں اور بیٹی کو دوسری پرواز پر جانے کے لیے راضی نہیں کر لیا گیا جس کے باعث متاثرہ پرواز شیڈول سے ایک گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی۔

اسپرنگ ایئرلائنز نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے، ایک جذباتی مسافرہ بضد تھی کہ اس کی بیٹی کو ایئرپورٹ پولیس نے طلب کیا ہے جس کے باعث پرواز کو اس کی واپسی کا انتظار کرنا چاہئے۔

فضائی کمپنی نے مسافرہ کے اس رویے کو غیر مہذب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسافرہ نے کیبن منیجر کو دروازہ بند کرنے سے روکنے کی کوشش بھی کی۔