’ضیاالحق نے عمران خان کو کہا تھا کہ میں تمہیں پرائم منسٹر بنانا چاہتا ہوں‘؛ وزیراعظم کے سابق جگری دوست سرفراز نواز کے تہلکہ خیز انکشافات

’ضیاالحق نے عمران خان کو کہا تھا کہ میں تمہیں پرائم منسٹر بنانا چاہتا ہوں‘؛ وزیراعظم کے سابق جگری دوست سرفراز نواز کے تہلکہ خیز انکشافات
وزیراعظم عمران خان کے سابق دوست سرفراز نواز کا تہلکہ خیز انٹرویو، عمران خان کے حوالے سے چونکا دینے والے انکشافات، عمران خان کو ضیا الحق کا بیٹا اور مفاد پرست قرار دے دیا۔

کرکٹ کی دنیا میں ریورس سوئنگ کے موجد پاکستان کے مایہ ناز کھلاڑی سرفراز نواز نے ایک ویڈیو انٹرویو میں عمران خان کے ساتھ دوستی ختم ہونے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے اپنی پہلی کتاب جو شائع کی تھی اس میں مجھے استاد کا درجہ دیا ہوا تھا لیکن پھر اختلافات پڑ گئے، کیونکہ یہ جو اختلافات ہوتے ہیں یہ پھر چلتے ہیں، تیس (30) سال سے زیادہ ہو گئے ہیں نہ تو میں نے اس سے سلام دعا لی ہے نہ تو ٹیلی فون پر بات ہوئی ہے، وہ ( عمران خان) اپنا خوش ہے میں اپنا خوش ہوں۔

سرفراز نواز نے عمران خان سے دوستی ختم ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ وہ لوگوں پر پیچھے سے وار کرتا ہے اور فائدے لیتا ہے، جب مفاد ختم ہو جائے تو پھر اس کا مقصد ختم ہو جاتا ہے۔ کئی اس ( عمران خان) کے دوست میں نے ایسے دیکھے ہیں۔ عبدالقادر مرحوم فوت ہوئے تو اس کے جنازے پر گیا نہ اس کے گھر افسوس کرنے گیا۔

مایہ ناز کرکٹر نے ویڈیو انٹرویو میں کہا کہ عمران خان بطور وزیراعظم پاکستان کرکٹ بورڈ کے بھی انچارج ہیں، تو عمران خان نے دوسرے جواریوں کو جیسے احسان مانی، وسیم اکرم، مشتاق احمد، وقار یونس اور ان کے علاوہ ایک دو اور ہیں، ان کو جواریوں کو کرکٹ میں رکھ لیا لیکن عبدالقادر کو نہیں رکھا جو اس کا قریبی دوست تھا۔ اور وہ بیچارہ اسی دکھ میں مجھے لگتا ہے فوت ہوا ہے۔

سرفراز نواز نے کہا کہ عمران خان کے دو اے ٹی ایم تھے، ایک لاہور میں جو ابھی جیل سے باہر آیا ہے اور دوسرا بھاگ کے ادھر (لندن) آ گیا ہے۔ یہ ( عمران خان) مفاد پرست ہے، فائدہ لیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو حکومت کرنے کا ایک موقع ملنا تھا وہ مل گیا، اور اس کی بھی خواہش تھی کہ ایک دفعہ میں کسی طرح پرائم منسٹر بن جاؤ، اس کو بنیادی طور پر ضیا الحق نے عادت ڈالی تھی، اس کو بیٹا بنایا ہوا تھا، اس کے بعد ضیا الحق نے اس کو کہا تھا کہ میں تمہیں پرائم منسٹر بنانا چاہتا ہوں۔ اور میں کوشش کروں گا کہ تم ایک پارٹی بناؤ پیپلزپارٹی کے خلاف۔

عمران خان کے اثاثوں پر بات کرتے ہوئے ان کے سابق دوست نے انکشاف کیا کہ عمران خان نے پیسہ لوٹا اور اس کی بہن نے بڑا پیسہ لوٹا، وہ آپ دیکھیں اربوں روپے، کھربوں روپے ان کے آ گئے۔ کہاں سے آئے؟ اس وقت اس کے پاس ایک گاڑی تھی سوزوکی، وہ بھی چوری ہو چکی تھی۔

سرفراز نواز نے انکشاف کیا کہ مشرف دور میں چوہدری برادران نے کہا تھا کہ ہمارے پاس آؤ، ہمیں عمران خان سے بچاؤ کیونکہ یہ ہمارے خلاف بہت بولتا ہے، مجھے اس لیے بلایا تھا کیونکہ چوہدری برادران جانتے تھے کہ میں اس کے بارے میں اندر کی ساری باتیں جانتا ہوں۔ جب میری چوہدری برادران کے ساتھ اخبار میں فوٹو آئی تو اس کے بعد یہ بھاگ گیا اور پھر اس نے ان کے خلاف بولنا چھوڑ دیا۔

سرفراز نواز نے کہا کہ لندن آنے والے لوگ بتاتے ہیں کہ جتنی عمران خان کے دور میں کرپشن ہے آج تک پاکستان میں اتنی کرپشن نہیں ہوئی، یہ بات تو آپ نے بھی سنی ہوگی۔ اب کام کروانے کا ریٹ اوپر چلا گیا ہے، جو کام ایک لاکھ کا ہوتا تھا وہ اب 5 لاکھ میں ہوتا ہے۔