کرونا وائرس: رواں برس حج ہو گا یا نہیں؟ پاکستان میں تعینات سعودی سفیر کا اہم بیان

کرونا وائرس: رواں برس حج ہو گا یا نہیں؟ پاکستان میں تعینات سعودی سفیر کا اہم بیان
پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے رواں برس حج کے انعقاد کے حوالے سے واضح بیان دے دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر رواں برس حج کی منسوخی کے حوالے سے خبریں سامنے آنے کے بعد سعودی سفیر کا اہم بیان سامنے آیا ہے۔ نواف بن سعید المالکی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے رواں سال حج کو منسوخ کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر حج کی منسوخی کا کوئی فیصلہ ہوا تو اس فیصلے سے عازمین حج کو بروقت ذمہ داری سے آگاہ کیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ میں آپ کو پھر یقین دلاتا ہوں کہ حج کو منسوخ کرنے کا کوئی فیصلہ اس وقت تک بالکل نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ سعودی حکومت نے 27 فروری کو کرونا وائرس سے متاثرہ ممالک کے عوام کے لیے عمرہ اور سیاحت کو عارضی طور پر معطل کر دیا تھا۔ بعد ازاں 4 مارچ کو کرونا وائرس کے خدشات کے باعث عمرے کی ادائیگی عارضی طور پر معطل کر دی گئی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ گذشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر سعودی حکومت کی جانب سے حج منسوخی کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔ تاہم، سعودی سفیر نے ان خبروں کی تردید کر دی ہے۔